امن وامان کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں ہنگامی مشقوں کا انعقاد
موک ایکسرسائز کے دوران فرضی دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کامظاہرہ
لاہور( کرائم رپورٹر) امن و امان کو برقرار رکھنے اور پولیس ریسپانس کو مزید مؤثر بنانے کے لیے سول لائنز ڈویژن پولیس کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں ہنگامی مشقوں (موک ایکسرسائز) کا انعقاد کیا گیا۔ مشقوں کی نگرانی ایس ایچ او اولڈ انارکلی زین علی نے کی۔ہنگامی مشقوں میں اولڈ انارکلی پولیس، بم ڈسپوزل سکواڈ، ریسکیو 1122، ایلیٹ فورس اور دیگر سکیورٹی اداروں نے شرکت کی۔ موک ایکسر سائز کے دوران فرضی دہشت گردوں کو گرفتار کرنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی عملی مشق کا مظاہرہ کیا گیا۔
اس موقع پر ایس پی سول لائنز چودھری اثر علی نے کہا کہ ہنگامی مشقوں کے ذریعے پولیس ریسپانس اور دیگر اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ریسپانس کو مزید بہتر بنانے کیلئے باقاعدگی سے ایسی مشقوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے جبکہ تعلیمی اداروں سمیت تمام اہم مقامات کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ ایس پی سول لائنز کا کہنا تھا کہ ان ہنگامی مشقوں کا بنیادی مقصد امن و امان کو برقرار رکھنا اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سکیورٹی انتظامات کو مزید مضبوط بنانا ہے ۔