شہریوں کی بڑی تعداد ڈائریا اور گیسٹرو کی بیماری میں مبتلا

شہریوں کی بڑی تعداد ڈائریا اور گیسٹرو کی بیماری میں مبتلا

سرکاری ہسپتالوں میں 30 ہزار سے زائد مریضوں کا علاج کے لیے رجوع

لاہور ( بلال چودھری ) عید الاضحی کے چار روز میں بسیار خوری کے باعث شہریوں کی بڑی تعداد ڈائریا اور گیسٹرو کی بیماری میں مبتلا ہو گئی۔ گزشتہ چار روز سے اب تک شہر کے چھ بڑے سرکاری ہسپتالوں میں 30 ہزار سے زائد مریضوں نے علاج کے لیے رجوع کیا، جبکہ سینکڑوں افراد نے سیلف میڈیکیشن اور نجی کلینکس کا رخ کیا۔ہسپتالوں کے اعدادوشمار کے مطابق میو ہسپتال میں 7 ہزار سے زائد، جناح ہسپتال میں 6 ہزار سے زائد اور سروسز ہسپتال میں 5 ہزار سے زائد مریض رپورٹ ہوئے ۔

جنرل ہسپتال اور گنگا رام ہسپتال میں بھی چار ہزار سے زائد مریض سامنے آئے ۔پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر طیبہ وسیم کا کہنا تھاکہ اعتدال کے ساتھ گوشت استعمال نہ کرنے اور بے احتیاطی کے باعث شہری معدے کی مختلف بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔ ڈاکٹرز نے شہریوں کو ہدایت کی کہ گوشت کو تھوڑا اور سبزیوں کے ساتھ استعمال کریں۔ سلاد، سبزیوں، دہی اور لیموں کا استعمال لازمی کیا جائے ۔ماہرین کے مطابق ایک وقت میں 2 سے 3 چھوٹے ٹکڑوں سے زیادہ گوشت کھانے سے گریز کیا جائے ۔ باربی کیو اور چکنائی والے گوشت کا زیادہ استعمال کولیسٹرول بڑھا سکتا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں