ایس پی سٹی کا شاد باغ میں مرکزی جلوس کے روٹ کا دورہ

 ایس پی سٹی کا شاد باغ میں مرکزی جلوس کے روٹ کا دورہ

محرم میں جلوسوں ، مجالس کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائیگی :عاطف امیر

 لاہور(کرائم رپورٹر)محرم الحرام کی آمد کے پیش نظر اہم جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ایس پی سٹی عاطف امیر نے شاد باغ کے علاقے میں عزاداری کے مرکزی جلوس کے روٹ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر متعلقہ سرکل افسر، ایس ایچ او، پولیس سٹاف، بانیانِ جلوس، منتظمین اور امن کمیٹی کے اراکین بھی ان کے ہمراہ موجود تھے ۔ایس پی سٹی عاطف امیر نے جلوس کے تمام داخلی و خارجی راستوں کا معائنہ کیا اور منتظمین کو امن و امان برقرار رکھنے ، حکومتی ہدایات پر عملدرآمد اور مقررہ اوقات کی پابندی کے حوالے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ 4 محرم الحرام کو برآمد ہونے والا جلوس روایتی راستوں سے گزرتے ہوئے مقررہ اوقات میں اختتام پذیر ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ محرم الحرام کے دوران جلوسوں اور مجالس کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی جبکہ اہم مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔ جلوسوں کے روٹس اور اطراف میں سرچ آپریشنز کے ساتھ ساتھ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مسلسل مانیٹرنگ بھی کی جائے گی۔ مزید برآں روٹس پر واقع بلند عمارتوں پر پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔  تاکہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی پر کڑی نظر رکھی جا سکے ۔ایس پی سٹی عاطف امیر کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے دوران حکومتی احکامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے تمام ضروری انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے تاکہ عزاداروں کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں