اسقاط حمل سے گھریلو ملازمہ کی ہلاکت ہائی پروفائل کیس ڈیکلیئر
پراسیکیوشن ٹیم نے دن رات محنت کی ،ملزم رعایت کے مستحق نہیں:پراسیکیوٹر جنرل
لاہور(کورٹ رپورٹر)پراسیکیوٹر جنرل پنجاب فرہاد علی شاہ نے زیادتی ،اسقاط حمل کے بعد گھریلو ملازمہ ہلاکت کیس کو ہائی پروفائل ڈیکلیئر کرتے ہوئے تفتیشی افسر کو ریکارڈ سمیت طلب کرلیا۔ پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے کہا کہ پراسیکیوشن تفتیشی افسر کو لائن آف انکوائری دے گی اور مقدمے میں دفعات سمیت دیگر شواہد کا جائزہ لیا جائے گا۔ پراسیکیوٹر جنرل فرہاد علی شاہ نے کہا کہ موٹروے گینگ ریپ کے ملزمان کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے پراسیکیوشن ٹیم نے دن رات محنت کی ، جنسی جرائم کے کیسز میں ملوث ملزم کسی رعایت کے مستحق نہیں۔موٹروے ریپ کیس میں مجرموں کی سزائیں برقرار رہنے کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ موٹروے پر پٹرول ختم ہونے کے باعث رکی خاتون کو بچوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا اور اس افسوسناک واقعے کو پوری دنیا نے ہائی لائٹ کیا تھا۔ اس کیس کو منطقی انجام تک پہنچانا ریاستی اداروں کے لیے ایک بڑا چیلنج تھا۔ اس مقدمے میں پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ کا کردار انتہائی اہم رہا۔ پراسیکیوشن ٹیم نے دن رات محنت کرکے ملزموں کو سزائیں دلوائیں اورکورٹ میں بھی ان سزاؤں کو برقرار رکھوایا، پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے کہا کہ اس کیس میں پہلی کال ایک ذمہ دار شہری نے کی تھی۔