وزیراعلیٰ کے ہائوسنگ پروگرامز کی عالمی سطح پر پذیرائی
باکو، آذربائیجان فورم میں مختلف ممالک اداروں کی ہاؤسنگ ماڈلز میں دلچسپی
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے تحت پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی (PHATA) کی جانب سے متعارف کروائے گئے عوام دوست ہاؤسنگ پروگرامز کو عالمی سطح پر نمایاں پذیرائی حاصل ہوئی ہے ۔ باکو، آذربائیجان میں منعقدہ ورلڈ اربن فورم میں پنجاب کی نمائندگی کے دوران مختلف ممالک اور بین الاقوامی اداروں نے پنجاب کے ہاؤسنگ ماڈلز میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔ترجمان کے مطابق کینیڈا، سعودی عرب، انڈونیشیا، ملائیشیا، جنوبی افریقہ اور ترکیہ کے سرکاری اداروں اور نمائندوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کے فلیگ شپ پروگرام ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کیں اور اس ماڈل کو کم لاگت ہاؤسنگ کے شعبے میں ایک مؤثر اور قابلِ تقلید اقدام قرار دیا۔ورلڈ اربن فورم کے دوران ورلڈ بینک کے مشن نے بھی ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ پروگرام میں خصوصی دلچسپی ظاہر کی اور جلد پنجاب کے دورے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے تاکہ پروگرام کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے ۔ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی پائیدار ترقی، ماحولیاتی تحفظ اور عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مقرر کردہ اہداف کے حصول کی جانب تیزی سے پیش رفت کر رہی ہے ۔ورلڈ اربن فورم میں پنجاب کی جدید ہاؤسنگ پالیسیوں، سماجی ہاؤسنگ اقدامات اور شہری ترقی کے منصوبوں کو عالمی ماہرین نے سراہا۔ترجمان نے بتایا کہ فورم کے دوران ترکیہ، ملائیشیا، کینیا اور انڈونیشیا سمیت مختلف ممالک کے کامیاب ہاؤسنگ ماڈلز کا بھی مطالعہ کیا گیا۔