رواں سال پولیس کمپلینٹ سیل میں 4ہزار درخواستیں موصول
بذریعہ ڈاک 3 ہزار درخواستوں میں سے 2 ہزار 594 درخواستیں نمٹا دی گئی
لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور پولیس کے کمپلینٹ سیل نے رواں سال شہریوں کی شکایات کے ازالے کے لیے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق رواں سال کمپلینٹ سیل میں مجموعی طور پر 3ہزار 819 درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے 3ہزار 408 درخواستوں کو نمٹا دیا گیا جبکہ 411درخواستوں پر کارروائی جاری ہے۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ وزیر اعلیٰ شکایت پورٹل پر موصول ہونے والی تمام 7 درخواستوں کو بھی مقررہ وقت میں نمٹا دیا گیا۔ اسی طرح سی سی پی او آفس آنے والے 936 سائلین میں سے 807 کے مسائل کے فوری حل کے لیے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے گئے ۔اعداد و شمار کے مطابق بذریعہ ڈاک موصول ہونے والی 2 ہزار 876 درخواستوں میں سے 2 ہزار 594 درخواستیں نمٹا دی گئی ہیں جبکہ 282 درخواستوں پر کارروائی جاری ہے۔ اس حوالے سے سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ محکمہ پولیس کے عوام دوست اقدامات کے باعث شہریوں کو بروقت ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔