3600 سے زائد نجی سکولوں کے رجسٹریشن کیسز التوا کا شکار
رجسٹریشن سے متعلق تمام زیر التوا معاملات کو جلد نمٹا دیا جائے گا:حکام
لاہور(عاطف پرویز سے )لاہور میں بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹس کے اجرا سے متعلق تنازع کے باعث 3600 سے زائد نجی سکولوں کے رجسٹریشن کیسز التوا کا شکار ہو گئے ہیں، جس سے سکولوں کے انتظامی امور اور تعلیمی بورڈز سے الحاق کے معاملات بھی متاثر ہونے لگے ہیں۔ذرائع کے مطابق بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹس کے اجرا کے طریقہ کار میں تبدیلی کے بعد یہ مسئلہ پیدا ہوا۔ محکمہ سکول ایجوکیشن نے سرٹیفکیٹس جاری کرنے کے لیے محکمہ مواصلات و تعمیرات (سی اینڈ ڈبلیو) سے رجوع کیا، تاہم محکمہ سی اینڈ ڈبلیو نے خود سرٹیفکیٹس جاری کرنے سے معذرت کرتے ہوئے عمارتوں کی جانچ پڑتال تھرڈ پارٹی کے ذریعے کروانے کی تجویز دی۔نجی سکولوں کی رجسٹریشن اور تجدید کا عمل رکا ہونے کے باعث سکول انتظامیہ میں تشویش پائی جا رہی ہے ۔ سکول مالکان کا کہنا ہے کہ رجسٹریشن کیسز زیر التوا رہنے سے نہ صرف انتظامی معاملات متاثر ہو رہے ہیں بلکہ تعلیمی بورڈز سے وابستگی اور دیگر قانونی امور بھی تعطل کا شکار ہیں۔نجی سکولوں کی تنظیموں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ رجسٹریشن کے زیر التوا کیسز کو فوری طور پر نمٹایا جائے ۔دوسری جانب ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے مسئلے کے جلد حل کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ حکام کے مطابق بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹس اور رجسٹریشن سے متعلق تمام زیر التوا معاملات کو جلد نمٹا دیا جائے گا۔