اقلیتی امور کیلئے فنڈز میں نمایاں اضافے کی تجویز تیار
محکمہ کا بجٹ موجودہ 4 ارب سے بڑھا کر 12 ارب کرنے کی سفارش
لاہور(خبر نگار)پنجاب حکومت نے آئندہ مالی سال 2026-27کے بجٹ میں محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور کیلئے فنڈز میں نمایاں اضافے کی تجویز تیار کر لی ہے ۔ ذرائع کے مطابق محکمہ کا سالانہ بجٹ موجودہ 4 ارب روپے سے بڑھا کر 12 ارب روپے کرنیکی سفارش کی گئی ہے ، جس سے اقلیتوں کی فلاح و بہبود اور انسانی حقوق کے فروغ سے متعلق متعدد نئے منصوبوں پر عملدرآمد ممکن ہو سکے گا۔مجوزہ منصوبوں کے تحت لاہور سمیت مختلف اضلاع میں اقلیتی آبادیوں کو ماڈل کمیونٹیز میں تبدیل کرنے کی تجویز دی گئی ہے ، جبکہ اقلیتوں کی عبادت گاہوں کی بحالی، مرمت اور تحفظ کیلئے خصوصی پروگرام بھی بجٹ کا حصہ بن سکتا ہے۔ اس کے علاوہ اقلیتی طلبہ کیلئے تعلیمی وظائف اور سکالرشپس کے پروگراموں میں توسیع کی تجویز بھی پیش کی گئی ہے تاکہ انہیں بہتر تعلیمی مواقع فراہم کیے جا سکیں۔