محکمہ لیبر کا ترقیاتی بجٹ صرف 60کروڑ رکھنے کی تجویز
ترقیاتی بجٹ میں کمی کی بڑی وجہ راشن کارڈ سکیم کیلئے فنڈز کی عدم فراہمی
لاہور (خبر نگار)پنجاب حکومت کے آئندہ مالی سال کے ترقیاتی بجٹ کی ابتدائی تجاویز میں محکمہ لیبر کے بجٹ میں نمایاں کمی کی تجویز سامنے آئی ہے ۔ دستاویزات کے مطابق اگلے مالی سال کے لیے محکمہ لیبر کا ترقیاتی بجٹ صرف 60کروڑ 30 لاکھ روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے ، جبکہ رواں مالی سال میں محکمہ لیبر کا مجموعی ترقیاتی بجٹ 20ارب 40کروڑ روپے مقرر کیا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کے بجٹ میں شامل وزیراعلیٰ مریم نواز راشن کارڈ سکیم کے لیے 20 ارب روپے مختص کیے گئے تھے ، تاہم آئندہ مالی سال کے بجٹ میں اس سکیم کے لیے کوئی فنڈ رکھنے کی تجویز شامل نہیں کی گئی۔بجٹ دستاویزات کے مطابق محکمہ لیبر کے ترقیاتی بجٹ میں کمی کی بڑی وجہ راشن کارڈ سکیم کے لیے فنڈز کی عدم فراہمی قرار دی جا رہی ہے ۔ مجوزہ بجٹ کی منظوری کی صورت میں محکمہ لیبر کے ترقیاتی اخراجات گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں نمایاں حد تک کم ہو جائیں گے ۔حتمی اعداد و شمار اور منصوبوں کی منظوری صوبائی بجٹ پیش کیے جانے کے بعد سامنے آئے گی، تاہم ابتدائی تجاویز نے محکمہ لیبر اور سماجی تحفظ کے شعبے میں حکومتی ترجیحات کے حوالے سے نئی بحث چھیڑ دی ہے ۔