ایل ڈبلیو ایم سی کی گاڑیوں سے حادثات میں اضافے پرمراسلہ

ایل ڈبلیو ایم سی کی گاڑیوں سے حادثات میں اضافے پرمراسلہ

رواں سال 10 شہری جاں بحق ، پیک آورز میں ہیوی گاڑیوں پر پابندی کی تجویز

لاہور( کرائم رپورٹر)لاہور میں ستھرا پنجاب اور ایل ڈبلیو ایم سی کی گاڑیوں سے پیش آنے والے حادثات میں اضافے پر چیف ٹریفک آفیسر لاہور نے روڈ سیفٹی اقدامات کے نفاذ کے لیے ستھرا پنجاب اتھارٹی کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے ۔ مراسلے کے مطابق رواں سال ایل ڈبلیو ایم سی کی گاڑیوں سے پیش آنے والے 4 مختلف حادثات میں 10 شہری جان کی بازی ہار چکے ہیں، جس پر شہریوں کی جانوں کے تحفظ کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔

سی ٹی او لاہور نے تجویز دی ہے کہ ہیوی ویسٹ مینجمنٹ گاڑیوں کی پیک آورز کے دوران نقل و حرکت پر پابندی عائد کی جائے ، جبکہ مصروف شاہراہوں پر صفائی آپریشن رات 11 بجے سے صبح 7 بجے تک محدود رکھا جائے۔ مراسلے میں غفلت کے مرتکب ڈرائیورز کے خلاف سخت کارروائی، مؤثر نگرانی کے نظام اور ڈرائیورز کی باقاعدہ تربیت کو بھی ناگزیر قرار دیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ کچرا بردار گاڑیوں میں جدید سیفٹی فیچرز کی تنصیب کی سفارش بھی کی گئی ہے ۔سی ٹی او لاہور نے بڑے کچرا بردار ٹرکوں کے بجائے نسبتا چھوٹی گاڑیوں کے استعمال کا ماڈل اپنانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے شہری علاقوں میں حادثات کے خطرات کم کیے جا سکتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں