یوم عاشور پر مرکزی جلوس کیلئے سکیورٹی پلان تیار
راستوں میں 8مقامات پر 29کیمرے نصب ‘247پو لیس اہلکار ڈیو ٹی دینگے
ڈسکہ (نمائندہ دنیا )شبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس دن10بجے امام بارگاہ حسینیہ سادات گردیزی ڈسکہ کلاں سے برآمد ہوگا جو مقررہ راستوں حیدری چوک، نسبت روڈ سے ہوتا ہوا گورنمنٹ ہائی سکول پہنچے گا جہاں پر عزادار نماز ظہرین ادا کریں گے اس کے بعد جلوس میلاد چوک پہنچے گا جہاں پر امام بارگاہ در امام حسین کا جلوس بھی مرکزی جلوس میں شامل ہوجائے گا جہاں پر مجلس عزا منعقد ہوگی اس دوران شبیہ ذوالجناح برآمد ہوگا یہاں سے جلوس مین بازار میں داخل ہوجائے گا جو صوبیداربازر، سمبڑیال روڈ سے ہوتا ہوا کچہری چوک پہنچے گا تو امام بارگاہ در امام حسین کا جلوس واپس پسرور روڈ پر اختتام پذیر ہوجائے گا جبکہ مرکزی جلوس وڈالہ روڈ ، نسبت روڈ سے ہوتا ہوا رات کے وقت امام بارگاہ حسینیہ سادات گردیزی میں اختتام پذیر ہوجائے گا جس کے بعد مجلس شام غریباں منعقد کی جائے گی یوم عاشور کے جلوس کیلئے سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ۔ ایس ڈی پی او خدابخش اور اسسٹنٹ کمشنر سعدیہ جعفر کی زیر نگرانی 247 پولیس اہلکار تعینات ہونگے جن میں 4 انسپکٹر ، 9 سب انسپکٹر، 26 اسسٹنٹ سب انسپکٹر ،27 ہیڈ کانسٹیبل اور 181 کانسٹیبل شامل ہیں جلوس کے راستوں میں 8 مختلف مقامات پر 29 کیمرے لگائے گئے ہیں جن کاکنٹرول روم میونسپل آفس میں قائم کیا گیا ہے۔ جلوس کے دوران ریسکیو 1122،ٹریفک پولیس ، ایدھی، پیرا میڈیکل سٹاف اور این جی اوز کے رضاکار بھی ہمراہ ہوں گے ۔