واقعہ کربلا حق اورانصاف کی لازوال علامت ، فریال تالپور

واقعہ کربلا حق اورانصاف کی لازوال علامت ، فریال تالپور

کربلا ہمیں ظلم کے سامنے ڈٹ جانے ،انسانی وقار کی حفاظت کا درس دیتی ہےعوام یومِ عاشورپر کربلا کے لازوال اسباق کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنائیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور نے یوم عاشورہ کے موقع پر نواسہ رسول ؐ شہیدِکربلا حضرت امام حسینؓ اور اُن کے جانثار رفقاء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ میدانِ کربلا میں دی گئی امام عالی مقام کی عظیم قربانی حق، انصاف، حریت اور انسانی وقار کی لازوال علامت ہے جو رہتی دنیا تک انسانیت کی رہنمائی کرتی رہے گی۔ پریس ریلیز کے مطابق فریال تالپور نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ کربلا جرات، استقامت، قربانی اور غیر متزلزل ایمان کا ایک ابدی پیغام ہے ۔ حضرت امام حسینؓ نے ظلم و جبر کے سامنے سرِ تسلیم خم کرنے کے بجائے حق اور اصولوں کی سربلندی کے لیے اپنی جان اور اپنے اہلِ خانہ کی بے مثال قربانی پیش کی اور انسانیت کو یہ درس دیا کہ عزت، سچائی اور انصاف پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ یومِ عاشورہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ معاشرے میں مظلوموں کا ساتھ دینا، بے آواز لوگوں کی آواز بننا اور انصاف، رواداری اور انسان دوستی کے اصولوں کو فروغ دینا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔ حضرت امام حسینؓ کی روشن میراث نوع انسانی کے لیے مشعلِ راہ ہے ۔ فریال تالپور نے عوام سے اپیل کی کہ یومِ عاشورہ کے موقع پر کربلا کے لازوال اسباق کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنائیں اور ایسے معاشرے کے قیام کے لیے کردار ادا کریں جہاں حق باطل پر غالب آئے ، انصاف ظلم پر فتح پائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں