یوم عاشور 153 جلوس ، 25 مجالس ، سکیورٹی ہائی الرٹ

 یوم عاشور 153 جلوس ، 25 مجالس ، سکیورٹی ہائی الرٹ

مرکزی جلوس امام بارگاہ عزاخانہ شبیر، دھوبی گھاٹ گراؤنڈ سے برآمد ہوگا، 6 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار ڈیوٹی انجام دیں گے ، 1100 سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے نصب

فیصل آباد(عبدالباسط سے )یومِ عاشورکے موقع پر ضلع بھر میں 25 مجالسِ عزا منعقد ہوں گی، جبکہ 153 سے زائد چھوٹے بڑے ماتمی جلوس برآمد ہوں گے ۔ عزاداروں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے فیصل آباد پولیس نے فول پروف انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔شہر کا مرکزی جلوس امام بارگاہ عزاخانہ شبیر، دھوبی گھاٹ گراؤنڈ سے برآمد ہوگا، جبکہ ضلع بھر میں مختلف مقامات سے 153 سے زائد جلوس نکالے جائیں گے ، جن میں بڑی تعداد میں عزادارانِ حسین شرکت کریں گے ۔سکیورٹی پلان کے تحت ضلع بھر میں 6 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار ڈیوٹی انجام دیں گے ، جبکہ قومی رضاکاروں سمیت 9 ہزار سے زائد رضاکار بھی سکیورٹی فرائض سرانجام دیں گے ۔پولیس کے مطابق جلوسوں اور مجالس کی طرف آنے والے تمام راستوں کو خاردار تاروں، بیریئرز اور کنٹینرز لگا کر سیل کر دیا گیا ہے۔

عزاداروں کو تین مختلف مقامات پر جامع تلاشی کے بعد جلوسوں اور مجالس میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔جلوسوں اور مجالس کے اطراف میں ایلیٹ فورس، ڈولفن فورس اور ایگل سکواڈ کی ٹیمیں مسلسل گشت کریں گی، جبکہ سکیورٹی کی مؤثر نگرانی کے لیے مختلف مقامات پر 1100 سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔ ان کیمروں کی مانیٹرنگ کے لیے سیف سٹی ہیڈ کوارٹر میں مرکزی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے ۔کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پاک فوج اور رینجرز کے چاق و چوبند دستے بھی پولیس کے شانہ بشانہ ڈیوٹی پر موجود رہیں گے تاکہ یومِ عاشورہ کے جلوسوں اور مجالس کا پرامن انعقاد یقینی بنایا جا سکے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں