ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس ،اتحاد و امن کے فروغ کی اپیل
تمام مکاتبِ فکر ایک دوسرے کے جذبات، عقائد کے احترام کو یقینی بنائیں:ڈی سی
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)عشرہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر اور سی پی او تنویر حسین کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل انور علی، صاحبزادہ فیض رسول، مفتی ضیاء مدنی، مولانا ریاض حسین کھرل، اسلم بھلی اور دیگر علماکرام نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے عشرہ محرم الحرام کے دوران ضلعی امن کمیٹی اور علماکرام کے گرانقدر تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ یومِ عاشورہ جمعۃ المبارک کے روز ہونے کے باعث سکیورٹی اور انتظامی اقدامات کو مزید مؤثر اور چوکس بنایا گیا ہے۔
انہوں نے علماء کرام پر زور دیا کہ وہ مساجد، امام بارگاہوں اور مجالس میں اتحاد، اخوت اور قومی یکجہتی کا پیغام عام کریں، جبکہ تمام مکاتبِ فکر ایک دوسرے کے جذبات، عقائد اور مقدسات کے احترام کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ علماء کرام امن و امان کے قیام کے لیے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھیں۔سی پی او تنویر حسین نے کہا کہ افواہوں اور سوشل میڈیا پر پھیلائے جانے والے اشتعال انگیز مواد کی روک تھام کے لیے علماء کرام اور شہری ذمہ دارانہ کردار ادا کریں تاکہ ضلع میں امن و امان کی فضا برقرار رہے۔