بلدیاتی نظام اختیارات پر قبضے کا نظام ہے ، منعم ظفر

بلدیاتی نظام اختیارات پر قبضے کا نظام ہے ، منعم ظفر

پیپلز پارٹی نے شہریوں کی امیدوں پر ڈاکا ڈالا ،بنیادی حقوق نظرانداز کیےاختیارات ووسائل کی عدم فراہمی کے باوجودعوامی خدمت جاری رکھی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے امیرضلع شمالی طارق مجتبیٰ، ٹاؤن چیئرمین نیو کراچی محمد یوسف کے ہمراہ ٹی ایم سی نیو کراچی کے تحت خیابان مہران 11بی سڑک کا افتتاح کردیا۔اس موقع پر منعم ظفر خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کراچی گزشتہ کئی دہائیوں سے حکمرانوں کی نااہلی، اختیارات کی عدم منتقلی اور وسائل کی غیرمنصفانہ تقسیم کا شکار ہے ۔ پیپلز پارٹی نے کراچی کے عوام کے ساتھ ناانصافی کی ہے ، شہریوں کی امیدوں پر ڈاکا ڈالا ہے اور ان کے بنیادی حقوق کو نظرانداز کیا ہے ۔ بلاول بھٹو قومی اسمبلی میں دعویٰ کرتے ہیں کہ کراچی جیسا بلدیاتی نظام لاہور میں بھی ہونا چاہیے ، وہ بتائیں کہ کیا لاہور کے عوام بھی ایسا نظام قبول کریں گے جہاں بلدیاتی نمائندوں کے پاس نہ اختیارات ہوں،کراچی میں موجود بلدیاتی نظام درحقیقت قبضے کا نظام ہے ۔ میئر کے پاس اختیارات اور وسائل موجود ہیں جبکہ ٹاؤن اور یوسی چیئرمینوں کو عوامی مسائل حل کرنے کے لیے ضروری وسائل فراہم نہیں کیے جاتے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی سے کچرا اٹھانے کا نظام بھی وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے ماتحت رکھا ہوا ہے ، یہ بلدیاتی نظام نہیں بلکہ اختیارات پر قبضے کا نظام ہے ۔ گزشتہ سال کراچی کے لیے 9 ارب روپے مختص کیے گئے تھے اور اس سال ساڑھے تین ارب روپے بھی ملنا مشکل بنادیے گئے ہیں۔ اس صورتحال میں بھی جماعت اسلامی کے منتخب نمائندے عوام کی خدمت میں مصروف ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں