بلدیہ عظمیٰ بجٹ،60ارب سے زائدکا تخمینہ
میزانیہ 4کروڑ 49لاکھ روپے فاضل ہوگا، صوبائی گرانٹ کی مد میں 37ارب سے زائد ملیں گے ،37ارب کی سب سے بڑی رقم تنخواہوں وانتظامی امورکیلئے مختصپنشن فنڈ،بیل آؤٹ پیکیج کی مد میں 18ارب 21کروڑ ، ترقیاتی کاموں کیلئے کے ایم سی کے فنڈز سے 8ارب 59کروڑ 52لاکھ خرچ ہونگے ،بجٹ اتوار کو پیش ہوگا
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن(کے ایم سی) کا مالی سال 27-2026 کا بجٹ 28 جون کو پیش کیا جائے گا اور بجٹ کا مجموعی حجم 60 ارب 45 کروڑ 14 لاکھ 30 ہزار روپے جبکہ اخراجات کا تخمینہ 60 ارب 40 کروڑ 65 لاکھ 25 ہزار روپے لگایا گیا ہے اور بجٹ 4 کروڑ 49 لاکھ 5 ہزار روپے فاضل (سرپلس) ہوگا۔نجی ٹی وی کو ملنے والی بجٹ دستاویزات کے مطابق آمدنی کے شعبے میں کے ایم سی کو حکومت سندھ سے صوبائی گرانٹ کی مد میں 37 ارب 38 کروڑ 89 لاکھ 76 ہزار روپے ملیں گے ، ضلعی ترقیاتی پروگرام کے تحت 9 ارب روپے کے فنڈز حاصل ہوں گے ، اس کے علاوہ لینڈ ڈپارٹمنٹ سے دو ارب 80 کروڑ 37 لاکھ روپے ، وصولیوں کی مد میں ایک ارب 25 کروڑ 50 لاکھ روپے اور اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ سے 55 کروڑ 16 لاکھ روپے کی آمدنی کا تخمینہ ہے ۔
کے ایم سی کے بجٹ میں اخراجات کی مد میں سب سے بڑی رقم اسٹیبلشمنٹ (ملازمین کی تنخواہوں اور انتظامی امور)کے لیے مختص کی گئی جو 37 ارب 29 کروڑ 22 لاکھ روپے ہے ، انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کے لیے 9 ارب 27 کروڑ 17 لاکھ روپے ، طبی سہولتوں اور صحت کے شعبے کے لیے 7 ارب 75 کروڑ 97 لاکھ روپے جبکہ بلدیاتی خدمات کے لیے 6 ارب 41 کروڑ 75 لاکھ روپے مقرر کیے گئے ہیں۔پنشن فنڈ اور پنشنرز کے بیل آؤٹ پیکیج کی مد میں 18 ارب 21 کروڑ روپے ، ترقیاتی کاموں کے لیے کے ایم سی نے اپنے فنڈز سے 8 ارب 59 کروڑ 52 لاکھ روپے مختص کیے ہیں، مخصوص ترقیاتی پورٹ فولیو کا حجم 6 ارب 48 کروڑ 2 لاکھ روپے ہے ، جس میں سے مختلف یونین کمیٹیوں کے ترقیاتی کاموں کے لیے ایک ارب 20 کروڑ روپے خرچ ہوں گے ۔بجٹ دستاویز کے مطابق کونسل سیکشن کے تحت ہر یونین کمیٹی کو ماہانہ ایک لاکھ روپے کی ادائیگی کے لیے 29 کروڑ 52 لاکھ روپے الگ سے رکھے گئے ہیں، شہر کے برساتی نالوں کی صفائی اور دیکھ بھال کے لیے 80 کروڑ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے ۔بجٹ میں سڑکوں کی تعمیر و بہتری کے لیے 40 کروڑ روپے ، سڑکوں، فٹ پاتھوں اور پلوں کی سالانہ دیکھ بھال (ڈسٹرکٹ وائز) کے لیے 48 کروڑ روپے اور فٹ پاتھوں، سیوریج لائنوں اور چوراہوں کی بہتری کے لیے 25 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔