داخلی راستوں پر ناکہ بندیوں کو مزید فعال بنانے کی ہدایت
ڈی آئی جی کاجوہر ٹاؤن کا دورہ ، مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی کا تفصیلی جائزہ
لاہور (این این آئی)شہر لاہور میں امن و امان کے قیام کیلئے اندرونی سکیورٹی کے ساتھ داخلی راستوں کی سخت نگرانی جاری ہے ۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران فیلڈ میں موجود ہیں اور سکیورٹی پلان پر عملدرآمد کی نگرانی کر رہے ہیں۔ڈی آئی جی آپریشنز نے ٹھوکر نیاز بیگ ناکہ کا دورہ کرکے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔فیصل کامران نے ناکہ پر تعینات جوانوں سے ملاقات کی اور چیکنگ مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ کسی بھی مشکوک گاڑی یا فرد کو شہر میں داخل ہونے کی اجازت نہ دی جائے ۔داخلی راستوں پر ناکہ بندیوں کو مزید فعال اور مؤثر بنانے کیلئے خصوصی ہدایات جاری کی گئیں۔ فیصل کامران نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے جامع سکیورٹی اقدامات جاری ہیں۔ڈی آئی جی آپریشنز نے چوہنگ سمیت مختلف علاقوں کے سکیورٹی انتظامات کا بھی معائنہ کیا۔اس کے علاوہ وفاقی کالونی جوہر ٹاؤن میں مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈی آئی جی آپریشنزنے مجالس و جلوسوں کے روٹس پر تعینات اہلکاروں کو مکمل الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔فیصل کامران نے کہا کہ لاہور پولیس محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کیلئے مکمل طور پر متحرک ہے۔