مزدور رہنماؤں کی وزیر محنت ، سیکرٹری لیبر سے ملاقات
مزدوروں کے مسائل پر مشتمل تحریری مطالبات پیش ،بجٹ پر تحفظات کااظہار
لاہور(خبر نگار)صنعتی مزدور اتحاد پاکستان اور یونی پاکستان لائزن کونسل کے رہنماؤں نے صوبائی وزیر محنت منشاء اللہ بٹ اور سیکرٹری لیبر پنجاب دانش افضال سے ملاقات کرکے مزدوروں کے مسائل پر مشتمل تحریری مطالبات پیش کر دیے ۔وفد کی قیادت صنعتی مزدور اتحاد پاکستان کے کنوینر اور پیکجز گروپ ورکرز یونین کے جنرل سیکرٹری شیخ محسن الیاس نے کی، جبکہ بلال احمد سیال، ناصر محمود، جمشید سیال، ملک عدیل، محمد ناظم، سہیل خان، ندیم قیصر، نعمان قمر، طالب وٹو سمیت دیگر مزدور رہنما بھی وفد میں شامل تھے ۔وفد نے پنجاب کے بجٹ 2026-27 میں کم از کم اجرت میں اضافے کا اعلان نہ ہونے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وفاق، سندھ اور خیبرپختونخوا کی طرز پر پنجاب میں بھی کم از کم اجرت میں فوری اضافہ کیا جائے ۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے باعث مزدور طبقہ شدید معاشی مشکلات کا شکار ہے ، اس لیے اجرت میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے ۔وفد نے نیم ہنر مند اور ہنر مند کیٹیگریز کی بحالی، لیبر کالونی ڈیفنس روڈ میں کرائے پر الاٹ 146 فلیٹس مالکانہ حقوق کی پالیسی کے مطابق مفت منتقل کرنے اور ریٹائرڈ ورکرز کو سوشل سکیورٹی پنجاب کے ذریعے علاج معالجے کی مستقل سہولت فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔