مالی سال اختتام پذیر، سرکاری سکولوں میں ترقیاتی منصوبے نامکمل
73 سکولوں میں 118کمرے ،67سکولوں میں 124نئے ٹوائلٹس مکمل نہ ہو سکے سکولوں میں بنیادی انفراسٹرکچر کی بہتری اور دیگر سہولیات کی فراہمی پر کام جاری :اتھارٹی
لاہور(عاطف پرویز سے)لاہور میں سرکاری سکولوں کے ترقیاتی منصوبے مالی سال کے اختتام تک بھی مکمل نہ ہو سکے ۔ اضافی کلاس رومز، نئے ٹوائلٹس اور باؤنڈری والز کی تعمیر کئی سکولوں میں تاحال جاری ہے ۔ تفصیلات کے مطابق مالی سال ختم ہونے کے باوجود لاہور کے متعدد سرکاری سکولوں میں ترقیاتی کام مکمل نہیں ہو سکے ۔ سٹریٹجک مینجمنٹ یونٹ کے تحت 73 سکولوں میں 118 اضافی کلاس رومز کی تعمیر کا کام جاری ہے ۔اسی منصوبے کے تحت 67 سرکاری سکولوں میں 124 نئے ٹوائلٹس کی تعمیر بھی ابھی تک مکمل نہیں ہو سکی، جبکہ 43 سکولوں میں نئی باؤنڈری والز کی تعمیر بھی زیرِ تکمیل ہے ۔دوسری جانب ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے خطرناک قرار دیے گئے 135 سکولوں کی نشاندہی کر دی ہے ، سٹریٹجک مینجمنٹ یونٹ کے تحت مزید 106سرکاری سکولوں میں 296 اضافی کلاس رومز کی تعمیر بھی جاری ہے ، جس کا مقصد بڑھتی ہوئی طلبہ تعداد کے مطابق تعلیمی سہولیات میں اضافہ کرنا ہے ۔ایجوکیشن اتھارٹی حکام کا کہنا ہے کہ سکولوں میں بنیادی انفراسٹرکچر کی بہتری، اضافی کلاس رومز، ٹوائلٹس اور دیگر سہولیات کی فراہمی پر کام تیزی سے جاری ہے ، اور تمام منصوبے مرحلہ وار مکمل کیے جائیں گے ۔