وائلڈ لائف پارکس میں پانی اور طبی سہولیات کی فراہمی کا حکم

وائلڈ لائف پارکس میں پانی اور طبی سہولیات کی فراہمی کا حکم

ہر پنجرے میں پینے کے پانی کی 24گھنٹے دستیابی یقینی بنائی جائے :ترجمان

لاہور(آن لائن)محکمہ تحفظ جنگلی حیات و پارکس پنجاب نے اپنے زیر انتظام وائلڈ لائف پارکس اور چڑیا گھروں میں موسم گرما کی شدید لہر سے جنگلی جانوروں اور پرندوں کے تحفظ کے لیے خصوصی گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں۔محکمہ کے صدر دفتر لاہور سے چیف وائلڈ لائف رینجر کی جانب سے تمام زونز کے ایڈیشنل چیف وائلڈ لائف رینجرز کو جاری کردہ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ وائلڈ لائف پارکس اور چڑیا گھروں میں موجود جانوروں اور پرندوں کو شدید گرمی کے اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

گائیڈ لائنز کے مطابق ہر پنجرے ، انکلوژر اور کمپارٹمنٹ میں صاف اور تازہ پینے کے پانی کی چوبیس گھنٹے دستیابی یقینی بنائی جائے ۔ جانوروں اور پرندوں کے لیے خوراک اور پانی کا انتظام سایہ دار مقامات پر کیا جائے جبکہ جانوروں کی تعداد کے مطابق مناسب سایہ بھی فراہم کیا جائے ۔ہدایات میں کہا گیا ہے کہ گرمی سے زیادہ متاثر ہونیوالے جنگلی جانوروں خصوصاً بندروں، ریچھوں، شیروں اور ٹائیگرز کے لیے خصوصی انتظامات کیے جائیں۔ ان کے انکلوژرز میں پنکھے ، ائر کولرز اور برف کی فراہمی یقینی بنائی جائے جبکہ نہانے کے لیے تالاب یا دیگر مناسب سہولتیں بھی مہیا کی جائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں