ٹیکنیکل بورڈکے پہلے سالانہ امتحانات آج سے شروع
32امتحانی مراکز قائم ، ایک لاکھ سے زائد طلبہ وطالبات شرکت کریں گے
لاہور(خبر نگار )پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن لاہور کے زیرِ انتظام ڈپلومہ آف ایسوسی ایٹ انجینئرز ، ڈپلومہ اِن کامرس، ڈپلومہ اِن ہوٹل آپریشن، میٹرک ٹیک اور میٹرک ووکیشنل کے پہلے سالانہ امتحانات آج 29 جون 2026 سے شروع ہو کر 25 جولائی 2026 تک جاری رہیں گے ۔امتحانات کے انعقاد کے لیے لاہور میں 32 امتحانی مراکز جبکہ پنجاب بھر بشمول گلگت بلتستان 342 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جن میں ایک لاکھ سے زائد طلبہ و طالبات شرکت کریں گے۔
امتحانی عمل کو صاف، شفاف اور منظم بنانے کے لیے نگران عملے کی تعیناتی مکمل کر دی گئی ہے ۔ چیئرمین پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن ڈاکٹر فیصل محمود کی ہدایت پر کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر عرفان قاسم ملک نے موبائل انسپکٹرز اور موبائل سکواڈز تعینات کر دیے ہیں، جو امتحانی مراکز کے اچانک دورے کرکے امتحانی عمل کی نگرانی کریں گے ۔امتحانی مراکز کے اطراف پرامن ماحول کو یقینی بنانے کے لیے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز کو مراسلے ارسال کر دیے گئے ہیں۔ امیدواروں کی رول نمبر سلپس قبل از وقت اپ لوڈ کی جا چکی ہیں، جنہیں طلبہ اپنے متعلقہ تعلیمی اداروں سے حاصل کر سکتے ہیں۔