گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں پہلے انٹرن شپ پروگرام کا آغاز
پروگرام کے تحت طلبا کو کیمپس میں عملی تربیت کیلئے 100 اسامیاں فراہم کی گئیں
لاہور (خبرنگار) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور نے ملک بھر کے انڈرگریجویٹ طلبا کے لیے اپنے پہلے سمر انٹرن شپ پروگرام کا آغاز کر دیا ہے ۔ اس پروگرام کے تحت طلبا کو کیمپس میں عملی تربیت کے لیے 100 سے زائد اسامیاں فراہم کی گئی ہیں۔ اس اقدام کے ساتھ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی پاکستان کی پہلی سرکاری جامعہ بن گئی ہے جس نے بی ایس طلبا کے لیے اتنے بڑے پیمانے پر انٹرن شپ متعارف کرائی ہے ۔
وائس چانسلر پروفیسر محمد عمر کے مطابق اس پروگرام کا مقصد باصلاحیت نوجوانوں کو یونیورسٹیز کے انتظامی، تحقیقی اور دفتری امور کا براہ راست تجربہ فراہم کرنا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پروگرام اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں ایک نئی مثال ہے اور اس سے طلبا کو مستقبل کا کامیاب لیڈر بننے میں مدد ملے گی۔ یہ پروگرام ہائر ایجوکیشن کمیشن کی انڈرگریجوایٹ پالیسی 2023 کے تحت لازمی ٹریننگ کی شرط کو بھی پورا کرے گا۔ یونیورسٹی حکام کے مطابق چھ سے آٹھ ہفتوں پر مشتمل یہ پروگرام جولائی اور اگست میں جاری رہے گا۔ منتخب طلبا04 مین کیمپس یا کالا شاہ کاکو کیمپس میں ہفتے میں پانچ دن کام کریں گے ۔