لاہور سمیت پنجاب بھر میں ایل پی جی کی قیمتوں میں من مانا اضافہ
لاہور(این این آئی)حکومت کی جانب سے قیمت مقرر کرنے کے باوجود لاہور سمیت پنجاب بھر میں ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ نہ رک سکا۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے ایل پی جی کی سرکاری قیمت 308 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم لاہور میں مختلف دکاندار وں کی جانب سے ایل پی جی 480 سے 500 روپے فی کلو تک فروخت کی جاتی رہی ۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق دکاندار اپنی مرضی سے روز 10 سے 20 روپے فی کلو تک اضافہ کرتے ہیں، من مانے نرخوں کی وجہ سے گھریلو صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ ایل پی جی کی بلیک قیمت پر ذمہ داران کے خلاف کارروائی ہوگی، مارکیٹنگ کمپنیوں کو بھی نوٹس بھجوائے رہے ہیں، متعلقہ ادارے سرکاری نرخ نامے پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے گی۔