2ماہ:88موٹرسائیکلوں ، گاڑیوں کے مالکان پر مقدمات
بغیر نمبر پلیٹس 15ہزارگاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کو چالان ٹکٹس جاری
لاہور(کرائم رپورٹر)دو ماہ کے دوران 88 موٹرسائیکلوں اور لگژری گاڑیوں کے مالکان کے خلاف مقدمات درج کر لیے ہیں۔سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق ای چالان سے بچنے کے لیے نمبر پلیٹس میں رد و بدل، جعلی نمبر پلیٹس لگانے اور شناخت چھپانے کی ہر کوشش کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جا رہی ہے ۔ترجمان کے مطابق مہم کے دوران بغیر نمبر پلیٹس یا \"اپلائیڈ فار\" پلیٹس کے ساتھ چلنے والی 15 ہزار 974 گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کو چالان ٹکٹس جاری کیے گئے ، جبکہ فینسی یا ایکسائز کے مقررہ نمونے کے مطابق نمبر پلیٹس نہ لگانے پر 9 ہزار 382 گاڑیوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔اسی طرح نمبر پلیٹس کو ٹیڑھا میڑھا کرنے ، توڑنے ، ماڈل یا ہندسوں کو چھپانے پر 9ہزار 218گاڑیوں کو چالان کیا گیا۔ مہم کے دوران معمولی خلاف ورزیوں پر 50 ہزار سے زائد شہریوں کو قوانین سے آگاہ کرتے ہوئے ایجوکیٹ بھی کیا گیا۔سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ نمبر پلیٹس سے چھیڑ چھاڑ کرنے پر کار کو 3 سے 5 ہزار روپے جبکہ موٹرسائیکل کو ایک ہزار روپے جرمانہ کیا جاتا ہے ، جبکہ بوگس نمبر پلیٹس استعمال کرنے والوں کے خلاف دھوکہ دہی کی دفعات کے تحت مقدمات بھی درج کیے جا رہے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments