گیس کی غیر قانونی ریفلنگ، شہریوں کی جانیں خطرے میں
متعلقہ ادارے غیر قانونی ریفلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے مبینہ طور پر خاموش، بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی کی جائے :شہری
فیصل آباد (عبدالباسط سے )فیصل آباد میں گیس سلنڈرز کی غیر قانونی ریفلنگ کا کاروبار بدستور جاری ہے ، جبکہ محکمہ سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ ادارے مبینہ طور پر مؤثر کارروائی کرنے میں ناکام دکھائی دے رہے ہیں۔ شہر بھر کی مرکزی شاہراہوں، چوک چوراہوں، بازاروں، گلی محلوں اور دیگر اہم مقامات پر قائم غیر قانونی ریفلنگ مراکز شہریوں کی جان و مال کے لیے سنگین خطرہ بن گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق ریلوے اسٹیشن چوک، راجباہ روڈ، نڑ والا روڈ، رضا آباد، سمن آباد کالج روڈ، سمن آباد مین روڈ، ڈی ٹائپ کالونی، عاصم ٹاؤن، وارث پورہ، پیپلز کالونی، بٹالہ کالونی، مدینہ ٹاؤن، منصور آباد، کینال روڈ، سمندری روڈ، کوریاں روڈ، سوساں روڈ، ستیانہ روڈ، شیخوپورہ روڈ، ملت روڈ، ملت ٹاؤن، غلام محمد آباد، گلبرگ، افغان آباد، جھنگ بازار، بکر منڈی چوک، جھنگ روڈ، سیف آباد، گلفشاں کالونی، شاداب کالونی اور علامہ اقبال کالونی سمیت متعدد علاقوں میں غیر قانونی طور پر گیس سلنڈرز کی ریفلنگ کا سلسلہ جاری ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ گیس سلنڈرز کی غیر قانونی ریفلنگ کے باعث آئے روز آگ لگنے ، سلنڈر پھٹنے اور دھماکوں جیسے واقعات پیش آتے ہیں، جن میں شہری زخمی ہوتے ہیں اور قیمتی جانیں بھی ضائع ہو چکی ہیں، مگر اس کے باوجود متعلقہ اداروں کی جانب سے مؤثر کارروائی نہیں کی جا رہی۔
ذرائع کے مطابق چند روز قبل کینال روڈ پر ٹٹھہ پل کے قریب ایک غیر قانونی ریفلنگ پوائنٹ پر آگ لگنے اور گیس سلنڈر پھٹنے کا واقعہ پیش آیا تھا، جس پر ریسکیو اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا اور خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ تاہم شہریوں کا دعویٰ ہے کہ واقعے کے صرف دو روز بعد اسی مقام پر دوبارہ غیر قانونی ریفلنگ کا کام شروع کر دیا گیا۔شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ متعلقہ ادارے غیر قانونی ریفلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے مبینہ طور پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے حکومت، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ سول ڈیفنس کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر قانونی گیس سلنڈر ریفلنگ کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں ممکنہ جان لیوا حادثات سے شہریوں کو محفوظ بنایا جا سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments