باغبانپورہ :مزید جعلی بجلی کنکشنز کا انکشاف، اعلیٰ حکام بے خبر

 باغبانپورہ :مزید جعلی بجلی کنکشنز کا انکشاف، اعلیٰ حکام بے خبر

1 ماہ گزرنے ، انکشافات کے باوجود انکوائری زیر التوا رکھ کرپردہ ڈالنے کی کوشش

لاہور (آن لائن)لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو)باغبانپورہ سب ڈویژن میں54ہزار روپے کے جعلی بل سے شروع ہونے والا معاملہ بڑے سکینڈل میں تبدیل ہو گیا ۔ خبر منظرِ عام پر آنے کے بعد علاقے میں مزید جعلی میٹرز کی موجودگی کا بھی انکشاف ہوا ہے جبکہ متعلقہ لیسکو حکام اپنی نااہلی چھپانے کیلئے اس سنگین صورتحال سے اعلیٰ انتظامیہ کو اندھیرے میں رکھے ہوئے ہیں۔ باغبانپورہ کے رہائشی ایاز کے مکان پر سابق کرایہ داروں کی جانب سے جعلی دستاویزات پرکمرشل میٹر لگوانے اور 54 ہزار کا بل بھجوانے کی خبر سامنے آنے کے بعد متاثرین کی مزید درخواستیں سامنے آنے لگی ہیں۔

ذرائع کے مطابق سب ڈویژن کی حدود میں مبینہ طور پر لیسکو ملازمین کی ملی بھگت سے درجنوں دیگر جعلی میٹرز بھی نصب کیے گئے ہیں جنکے ذریعے صارفین کو بھاری مالی نقصان اور بجلی چوری کا سامنا ہے ۔ ایک ماہ گزرنے اور نئے انکشافات سامنے آنے کے باوجود متعلقہ لیسکو حکام نے معاملے کی حقائق پر مبنی رپورٹ اعلیٰ حکام کو ارسال نہیں کی بلکہ انکوائری کو التوا میں ڈال کر معاملے پر پردہ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ متاثرہ شہریوں نے چیئرمین نیب، وفاقی وزیر توانائی اور لیسکو چیف سے فوری نوٹس لینے اور ملوث ملازمین کیخلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...