جامعہ القدس میں آل پارٹیز تحفظِ حرمین کانفرنس
تمام دینی جماعتیں متحد ہو کر حرمین شریفین کی حفاظت کریں گی :مقررین
لاہور (سیاسی نمائندہ)علمانے کہا ہے کہ سعودی عرب پر حملے کرنیوالے یہود ہنود کے ایجنٹ ہیں، تمام دینی جماعتیں متحد ہو کر حرمین شریفین کی حفاظت کریں گی، پاک فوج کا کردار قابلِ تحسین ہے ۔ آل پارٹیز تحفظِ حرمین شریفین کانفرنس جامعہ القدس چوک دالگراں لاہور میں مولانا حافظ عبد الغفار روپڑی کی زیر صدارت ہوئی۔مولانا حافظ ابتسام الہٰی ظہیر، پروفیسر طلحہ سعید ،پروفیسر عبد المجید ،مفتی انتخاب نوری ،مفتی شاہد عبید، علامہ زبیر ظہیر، علامہ مخدوم عاصم، مفتی زبیر ورک، مفتی عاشق حسین ،مولانا حافظ عبد الوحید روپڑی، مولانا اسامہ ،مولانا سلمان شاکر اور مختلف دینی و سیاسی جماعتوں کے قائدین اور علما نے شرکت کی۔ حرمین شریفین کے تقدس، حرمت اور تحفظ کے حوالے سے اہم قراردادیں منظور کی گئیں۔مقررین نے کہا حوثی باغیوں کی سعودی عرب بالخصوص حرمین شریفین کو نشانہ بنانے کی ناپاک جسارت پورے عالمِ اسلام کیلئے چیلنج ہے ۔ حرمین شریفین پوری امتِ مسلمہ کے دلوں کی دھڑکن ہیں، انکی حفاظت ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے ۔کانفرنس میں حکومت، پاک فوج اور دیگر اسلامی ممالک کی افواج سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ حرمین شریفین کے دفاع کیلئے بھرپور مؤثر اقدامات کریں۔ متفقہ قرارداد میں عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا گیا کہ وہ حرمین شریفین کیخلاف جارحیت کا فوری نوٹس لیکر خطے میں امن و استحکام کیلئے کردار ادا کرے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments