حادثات پرکیٹگری وائز گاڑیوں کیخلاف سخت کارروائی کی ہدایت
کمرشل وہیکلز ڈرائیورز کے لائسنس، فٹنس سرٹیفکیٹس ، روٹ پرمٹ چیک کرنیکاحکم
لاہور(کرائم رپورٹر)سی ٹی او نے جان لیوا ٹریفک حادثات کی روک تھام کیلئے کیٹگری وائز حادثات میں ملوث گاڑیوں کیخلاف سخت کارروائی کا حکم دیدیا۔ حادثات میں ملوث کمرشل وہیکلز ڈرائیورز کے لائسنس، فٹنس سرٹیفکیٹس اور روٹ پرمٹ چیک کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی۔سی ٹی او کے مطابق لاہور میں 82 لاکھ 60 ہزار سے زائد وہیکلز رجسٹرڈ ہیں تاہم بعض گاڑیوں کی رجسٹرڈ تعداد کے مقابلے میں جان لیوا حادثات میں شمولیت غیر متناسب طور پر زیادہ سامنے آئی ہے ۔اعداد و شمار کے مطابق ٹرک و ڈمپرز رجسٹرڈ گاڑیوں کا صرف 0.6 فیصد ہیں مگر جان لیوا حادثات میں انکی شمولیت 10 فیصد ریکارڈ ہوئی، یعنی رجسٹرڈ حجم کے مقابلے میں یہ حادثات میں تقریباً 18 گنا زیادہ ملوث رہے ۔ مزدا گاڑیاں کل رجسٹرڈ گاڑیوں کا صرف 0.8فیصد ہیں ، حادثات میں شمولیت 10 گنا زیادہ رہی۔
پک اپ گاڑیاں 0.5 فیصد کے باوجود حجم سے 8 گنا زیادہ حادثات میں ملوث ،ٹریکٹر ٹرالیاں0.9 فیصد ہیں، انکی وجہ سے جان لیوا حادثات 10فیصد رپورٹ ہوئے ۔ ٹرالرز 0.2فیصد رجسٹرڈ مگر حادثات میں شمولیت حجم کے مقابلے میں9 گنا زیادہ رہی،منی ٹرکوں کی حادثات میں شمولیت بھی رجسٹرڈ حجم کے مقابلے میں 5گنا سے زائد رہی۔موٹر سائیکل رکشے 1.7 فیصد رجسٹرڈ ہیں ، حادثات میں شمولیت 6 فیصد ریکارڈ ہوئی۔ بس، کوچ، کوسٹر اور فلائنگ کوچ کل گاڑیوں کا 0.7 فیصد ہیں ،حادثات میں انکی شمولیت 7فیصد رہی۔ کاریں رجسٹرڈ وہیکلز کا 21.8 فیصد ہیں ،حادثات میں شمولیت 26 فیصد ریکارڈ ہوئی۔ موٹر سائیکلیں 68.6 فیصد رجسٹرڈ ہیں ، جان لیوا حادثات میں شمولیت 72 فیصد ریکارڈ ہوئی۔اے پی وی گاڑیاں رجسٹرڈ وہیکلز کا صرف 0.4فیصد ہیں حادثات میں شمولیت حجم سے 5 گنا زیادہ رہی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments