رزلٹ کارڈ منسوخ کرنے کا اقدام درست قرار، اپیل خارج
رزلٹ کارڈ منسوخ کرنے کا اقدام درست قرار، اپیل خارج پارٹ ٹو امتحان پاس کیے بغیرتھری کے نتیجے کا دعویٰ نہیں کیا جا سکتا :لاہورہائیکورٹ
لاہور (کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مزمل اختر شبیر اور جسٹس چودھری اقبال پر مشتمل ڈویژن بینچ نے پنجاب یونیورسٹی کی جانب سے ایک طالب علم کا ایل ایل بی پارٹ تھری کا رزلٹ کارڈ منسوخ کرنے کے اقدام کو درست قرار دیتے ہوئے انٹرا کورٹ اپیل خارج کر دی۔ عدالت نے واضح کیا ہے کہ ایل ایل بی پارٹ ٹو مقررہ مواقع کے اندر پاس کیے بغیر پارٹ تھری کے نتیجے کا دعویٰ نہیں کیا جا سکتا اور محض رول نمبر سلپ یا رزلٹ کارڈ جاری ہو جانے سے امیدوار کو کوئی خلاف ضابطہ حق نہیں مل جاتا۔فیصلے کے مطابق گوجرانوالہ کے کالج آف لا سے منسلک امیدوار نے ایل ایل بی کے تینوں پارٹس کے امتحانات دیئے اور کوئی بھی پارٹ پہلی کوشش میں پاس نہیں کیا، پارٹ ٹو کا امتحان اینول 2014 سے سپلیمنٹری 2015 تک چار مواقع میں مکمل پاس نہ ہو سکا اور سپلیمنٹری 2015 میں اسے مکمل فیل قرار دے دیا گیا، اسی دوران اس نے پارٹ تھری کے امتحانات بھی دئیے اور سپلیمنٹری 2015 میں پرچے کلیئر کر لئے ، تاہم گزٹ میں نتیجہ سابقہ پارٹ میں فیل درج تھا جبکہ رزلٹ کارڈ غلطی سے پاس ظاہر کرتے ہوئے جاری کر دیا گیا۔
،یونیورسٹی نے عدالت میں جمع جواب میں مؤقف اختیار کیا کہ نتائج کے اعلان کے دوران کام کے بوجھ کے باعث رزلٹ کارڈ غلطی سے جاری ہوا، امیدوار نے خود ویب سائٹ پر نتیجہ ظاہر نہ ہونے پر یونیورسٹی سے رجوع کیا تو تصدیق کے عمل میں غلطی سامنے آئی، جس پر اس سے رزلٹ کارڈ واپس لے لیا گیا اور آگاہ کیا گیا کہ اسے پارٹ تھری کا امتحان دوبارہ دینا ہوگا، بعد ازاں امیدوار نے سپلیمنٹری 2016 میں پارٹ ٹو 684 نمبروں سے پاس کیا اور پہلے پاس کیے گئے پارٹ تھری کا رزلٹ کارڈ جاری کرنے کی درخواست دی، جو مسترد کر دی گئی، وکیل چوہدری عمران رضا چڈھڑ نے مؤقف اختیار کیا کہ رزلٹ کارڈ کی بنیاد پر 22 جولائی 2017 کو پنجاب بار کونسل سے وکالت کا لائسنس حاصل کیا جا چکا ہے ، اس لیے نتیجہ منسوخ کرنے سے آئین کے آرٹیکل 18 کے تحت پیشے کی آزادی کے حق پر شدید اثر پڑتا ہے ، ایک بار جاری ہونے والا رزلٹ کارڈ واپس نہیں لیا جا سکتا،عدالت نے ریماکرس دیئے کہ چار یا زائد پرچوں میں استثنیٰ حاصل کرنے والا امیدوار پارٹ تھری کی کلاسز اور لیکچرز تو مکمل کر سکتا ہے ، مگر پارٹ ٹو پاس کیے بغیر پارٹ تھری کے امتحان میں بیٹھنے کا اہل نہیں، وائس چانسلر نے ناکام امیدواران کو اگلے پارٹ کے امتحان میں بیٹھنے کی سہولت دی تاکہ تاخیر سے نتائج کے اعلان سے ا تعلیمی سلسلہ متاثر نہ ہو، تاہم یہ نوٹیفکیشن مذکورہ ریگولیشن کی جگہ نہیں لیتا اور نہ ہی اس کی کوئی استثنا فراہم کرتا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments