ٹریفک پولیس کے فیس بک فالوورزکی تعداد 10لاکھ سے متجاوز
ایک ملین فالوورز مکمل ہونے کی خوشی میں کیک کاٹا گیا، یہ ایک اعزاز:سی ٹی او
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور ٹریفک پولیس کے آفیشل فیس بک پیج کے فالوورز کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کر گئی، جس کے بعد لاہور ٹریفک پولیس پنجاب بھر کے پولیس یونٹس میں فیس بک فالوورز کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر آگئی۔ اس موقع پر سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے میڈیا ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی اور ایک ملین فالوورز مکمل ہونے کی خوشی میں کیک بھی کاٹا۔سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا کہ ایک ملین فالوورز مکمل ہونا لاہور ٹریفک پولیس کے لیے اعزاز ہے ، یہ سنگِ میل شہریوں کے اعتماد اور لاہور ٹریفک پولیس سے ان کی وابستگی کا عکاس ہے ۔ لاہور ٹریفک پولیس سوشل میڈیا کے ذریعے شہریوں سے مسلسل رابطے میں ہے اور انہیں بروقت معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مین سٹریم میڈیا کے ساتھ سوشل میڈیا بھی عوامی آ گاہی کا مؤثر ذریعہ بن چکا ہے ، سوشل میڈیا عوام تک بروقت معلومات پہنچانے اور ٹریفک قوانین سے متعلق شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments