ایف سی سی یو کا کانووکیشن، 1308ڈگریاں تقسیم
فارغ التحصیل طلبہ عوام کی خدمت، ملکی ترقی میں کردار ادا کریں:سلیم حیدر
لاہور(سٹاف رپورٹر)ایف سی کالج (چارٹرڈ یونیورسٹی ایف سی سی یو)کے مرکزی گراؤنڈ میں 28واں کانووکیشن منعقد کیاگیا۔ اس موقع پر 1308 طلبہ کو مختلف تعلیمی شعبہ جات میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں جن میں 968 انڈرگرایجویٹ، 327 پوسٹ گریجوایٹ اور 13 ڈاکٹریٹ کی ڈگریاں شامل تھیں۔گورنر پنجاب سلیم حیدر خان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب کی صدارت ایف سی سی یو کے ریکٹر ڈاکٹر جوناتھن ایس ایڈلٹن نے کی۔معزز مہمانوں، اساتذہ، عملے ، طلبہ اورانکے اہلخانہ نے شرکت کی ۔ 2026 کے فارغ التحصیل طلبہ کی نمائندگی کرتے نزانۃ نسیم اور عبداللہ نے الوداعی خطاب کیا اور عملی زندگی میں انسانیت اور ملک وقوم کی ترقی کیلئے بھرپور کردار ادا کرنے کاعزم کیا۔ تقریب میں غیر معمولی تعلیمی اور ہم نصابی کامیابیوں کے اعتراف میں طلبہ کواکیڈمک ایکسی لینس میڈلز، سرٹیفکیٹس آف ڈسٹنکشن، رول آف آنر ایوارڈز اور مختلف شعبہ جات کی جانب سے اعزازات بھی پیش کیے گئے ۔ ڈاکٹر جوناتھن ایس ایڈلٹن نے فارغ التحصیل طلبہ کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ وہ یونیورسٹی میں حاصل کردہ تجربات کو عملی زندگی میں بھی آگے بڑھائیں۔ گورنر سلیم حیدر خان نے خطاب میں ایف سی سی یو کی 160 سالہ شاندار تاریخ اور تعلیم، قیادت سازی وقومی تعمیر و ترقی کے میدان میں نمایاں خدمات کو سراہا اور فارغ التحصیل طلبہ پرزوردیاکہ وہ دوسروں کی خدمت اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments