پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کا مطالبات کیلئے ہڑتال کااعلان

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کا مطالبات کیلئے ہڑتال کااعلان

سٹیپ ون کی بحالی ،لائسنسگ امتحان کی شرح 50فیصدکرنے سمیت مطالبا ت پیش

ملتان(نیوز رپورٹر)پاکستان میڈیکل کمیشن کی ڈاکٹر دشمن پالیسیوں کے خلاف پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن میدان میں نکل آئی، قومی لائسننگ امتحان میں پاس نمبروں کی شرح 50 فیصد، امتحان کا طریقہ کار آسان کرنے ، سٹیپ ون ختم کرنے کے قانون کی واپسی ،این ایل ای امتحان سے متعلق تحفظات حل کرنے کا مطالبہ بصورت دیگر پورے پنجاب میں ہڑتال کا اعلان کر دیا ۔پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ملتان کے صدر پروفیسر ڈاکٹر مسعود الروف ہراج نے دیگر کابینہ ممبران کے ہمراہ ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ قومی لائسنسنگ امتحان (این ایل ای) کے خلاف تمام ڈاکٹروں باالخصوص فارن میڈیکل گریجویٹس میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے جس پر حکومت کو فوری اقدامات اٹھانے چاہئیں جبکہ این ایل ای امتحان میں پاس نمبروں کی شرح دیگر امتحانات کی طرح 70 کی بجائے 50 فیصد کی جائے ۔ پی ایم اے عہدیداران نے کہا کہ این ایل ای امتحان میں بہت سے ایسے 70 فیصد حاصل کرنے والے طلباء کو لازمی سٹیشنز میں فیل کیا گیا ہے ، ہمارا مطالبہ ہے کہ لازمی سٹینشنز کو ختم کر کے امتحان کے طریقہ کار کو آسان بنایا جائے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں