ایل پی جی بلیک میں فروخت کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم

 ایل پی جی بلیک میں فروخت کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم

ملتان( وقائع نگار خصوصی )ڈویژنل انتظامیہ نے ایل پی جی کی بلاتعطل فراہمی کیلئے سخت اقدامات کا آغاز کردیا۔

کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے ایل پی جی کی بلیک میں فروخت کیخلاف کریک ڈاون کرنے کے احکامات دیتے ہوئے کہا کہ غیر محفوظ اور غیر قانونی ایل پی جی ری فلنگ کرنے والے یونٹ سیل کئے جائیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز اور ایل پی جی ایسوسی ایشن کے وفد نے شرکت کی ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ سول ڈیفنس کی ٹیمیں ڈویژن بھر میں انسپکشن کا آغاز کریں۔ایل پی جی ایسوسی ایشن کے جائز مطالبات کو پورا کیا جائے گا۔

ڈی سی ملتان عامر کریم خاں نے کہا کہ ناقص سلنڈر اور یونٹ بنانے والی ورکشاپس کو بھی سیل کرینگے علاوہ ازیں انتظامیہ کی کارکردگی بارے جائزہ اجلاس میں ڈاکٹر ارشاد احمد نے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں استحکام رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ڈویژن میں آٹے ، چینی کی کوئی قلت نہیں ہے ۔دودھ کی قیمت فکس کرکے گرانفروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن کیا جارہا ہے ۔محکمہ خوراک کے پاس گندم کا وافر سٹاک موجود ہے ۔

فرد، گرداوری، کسان کارڈ کے بغیر ہرگز کھاد فراہم نہیں کی جارہی۔مڈل مین مافیا کی سرکوبی کیلئے فرد، گرداوری لازم کی گئی ہے ۔ڈویژن میں اس ہفتے ڈینگی کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔گھروں، دکانوں انڈور لاروا برآمد پر نوٹسز دیے جائیں۔ڈینگی افزائش کو روکنے کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔اومی کرون کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے کورونا ویکسی نیشن کا دائرہ کار بڑھایا جائے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں