ریلوے پھاٹک ری ماڈلنگ کے نام پر 3ہفتوں سے بند

ٹھٹھہ صادق آباد(نمائندہ دنیا)درجنوں دیہاتوں کو جہانیاں شہر سے ملانے والا چک 112 پر واقع واحد اکلوتا ریلوے پھاٹک پچھلے تین ہفتوں سے ری ما ڈلنگ کے نام پر بند ہے ۔
انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو متبادل راستہ بھی نہیں دیا گیا جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔مریضوں کو ہسپتال لے جانے اور بچوں کو سکولوں تک پہنچانے میں شدید دشواری کا سامنا ہے ۔ ٹھیکیدار کی عدم دلچسپی کی وجہ سے ڈیڈ لائن گزر جانے کے باوجود ابھی تک پھاٹک نہیں کھل سکا ۔ریلوے آفیسرز کی ہٹ دھرمی کے باعث قیمتی جانیں ضائع ہونے کا خدشہ ہے ۔ریلوے انتظامیہ جہانیاں کی غفلت کے ساتھ ساتھ عوامی نمائندے بھی مسئلے کے حل کیلئے کہیں نظر نہیں آرہے ۔ ٹھیکیدار بھی کام چھوڑ کر فرار ہو چکا ہے ۔شہریوں نے ریلوے حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔