انجمن تاجران چوک کمہارانوالہ کے الیکشن، الفلاح گروپ فاتح
ملتان (لیڈی رپورٹر)انجمن تاجران چوک کمہارانوالہ کے الیکشن میں الفلاح تاجر دوست گروپ نے میدان مار لیا ،تاجر اتحاد دوست گروپ دوسرے نمبر پر جبکہ ا لخدمت حسن جوئیہ گروپ تیسرے نمبر پر رہا۔
انجمن تاجران چوک کمہارانوالہ کے الیکشن کے سلسلے میں چیف الیکشن کمشنر مرزانعیم بیگ کی سربراہی میں ڈپٹی الیکشن کمشنر چودھری شہباز اختر، ممبران فہیم اختر سومرو، محمد یعقوب راجپوت نے الیکشن نتائج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کل 648ووٹ کاسٹ کئے گئے جس میں الفلاح تاجر دوست گروپ کے امیدوار صدر رانا خورشید احمد، جنرل سیکرٹری چودھری محمد فیصل، چیئر مین عمر دراز جمیل،سرپرست اعلیٰ شاکر جوئیہ گروپ نے 286ووٹ، تاجر اتحاد دوست گروپ کے امیدوار صدر عبد الرحمن فری، جنرل سیکرٹری چودھری جہانزیب، چیئرمین عتیق الرحمن خان گروپ نے 235جبکہ ا لخدمت حسن جوئیہ گروپ کے امیدوار صدر عاقب جاوید تھہیم، جنرل سیکرٹری مہر سجاد حسین نوناری، چیئرمین چودھری عبد الستار گل جالندھری گروپ نے 125ووٹ حاصل کئے ۔الیکشن میں الفلاح تاجر دوست گرو پ کی کامیابی پر حامیوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور اس موقع پرعزیز خان،رشید خان نے نومنتخب عہدیداروں کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے ، پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ نومنتخب عہدیداران صدر رانا خورشید احمد، جنرل سیکرٹری چودھری محمد فیصل نے کہا کہ وہ تاجر برادری کے اعتماد پر پورا اترنے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔