جھولے ٹوٹ پھوٹ کا شکار،جھیلیں خشک،گھاس غائب،پارک کھنڈر بن گئے
ملتان(شفقت بھٹہ)پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی کی نااہلی اور ترقیاتی کاموں کی رفتار سست ہونے کی وجہ سے ملتان کے۔۔
شہریوں کی سستی تفریح گاہیں ‘‘پارک’’ کھنڈر بن گئے ، جھولے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ،جھیلیں خشک،گراسی پلاٹس سوکھ گئے ہیں۔ شاہ شمس پارک، قاسم پارک، جناح پارک سمیت تمام چھوٹے بڑے پارک پی ایچ اے کی بے حسی کا منظر پیش کررہے ہیں جبکہ پی ایچ اے حکام ’’سب اچھا ‘‘ کی رپورٹ دے رہے ہیں۔ تفریح گاہیں اب کتوں اور نشیوں کا مسکن بن چکی ہیں، جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر ، پارک میں گھاس کے بجائے ہر طرف چٹیل میدان نظر آتے ہیں۔ اسی طرح شاہ شمس پارک بھی کھنڈر کا منظر پیش کررہا ہے ، پارک میں جھولے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، سوکھی جھیل، ٹوٹی کشتیاں، مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث یہ تفریح گاہ ویرانی کا منظر پیش کررہی ہے ۔پارک کے سکریپ اور کاٹے گئے درختوں کی لکڑی کی غیر قانونی فروخت کی بھی شکایات بھی منظر عام پر آ چکی ہیں۔ پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی کی مبینہ غفلت کے باعث لاکھوں روپے مالیت کی لکڑی چوری ہو چکی ہے ۔ پی ایچ اے کی جانب سے عرصہ دو سال سے پارک میں 4 کروڑ 80 لاکھ کی لاگت سے ترقیاتی کام جاری ہیں مگر بحالی کا کام مکمل ہونے کے بجائے طول پکڑتا جا رہا ہے ۔ اسی طرح قلعہ کہنہ پر قاسم پارک میں موجود ٹوٹے پھوٹے جھولے بھی منہ چڑا رہے ہیں، جبکہ بینچ بھی خستہ حالی کا شکار ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سستی تفریح کی فراہمی پی ایچ اے کی ترجیحات میں شامل ہی نہیں ہے ۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے معاملے کا نوٹس لے کر پارکوں کی صورتحال کو بہتر کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ دوسری جانب پی ایچ اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پارکوں میں شہریوں کو بہتر سہولیات دینے کے لئے کوشاں ہیں، ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کر لیا جائیگا۔