نبی کریمؐ کی آمد سے کفر کے اندھیرے چھٹ گئے ،آصف شاہ

وہاڑی(نمائندہ دنیا ) ڈپٹی کمشنر وہاڑی سید آصف حسین شاہ نے کہا ہے کہ نبی کریم ؐ کی ذات کو اﷲ تعالیٰ نے رحمت اللعالمین بنا کر بھیجا آپؐ کی آمد سے کفر و شرک کے اندھیرے دور ہوئے اور۔۔۔
نور و ہدایت کی روشن ہونے والی شمع رہتی دنیا تک لوگوں کے دلوں کورشد و ہدایت کی روشنی سے منور کرتی رہے گی ضلع کونسل ہال وہاڑی میں میلاد مصطفیؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ دشمن بھی آپ ؐ کی صفات کے قائل تھے دشمن آپ ؐکو صادق اور امین تسلیم کرتے ہوئے اپنی امانتیں رکھتے اور آپ کا خلق عظیم لوگوں کے دلوں کو موہ لیتا ہمیں اپنی زندگیوں کو رسولؐ کے اسوہ حسنہ کے مطابق ڈھالنا ہے تاکہ معاشرے میں بہتری لائی جا سکے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد عیسیٰ خان نے کہا کہ معاشرے میں جرائم کے خاتمہ کے لیے بھی ہمیں مذہبی تعلیمات سے لوگوں کو آگاہی دینا ہے ۔ اسلام امن آشتی رواداری اور برداشت کی تعلیم دیتا ہے اسلامی اقدار کو اپنا کر معاشرتی برائیوں اور جرائم کو کافی حد تک کم کیا جانا ممکن ہے تقریب کی میزبانی کے فرائض پیر سید مراد علی شاہ اور سید فضل رسول شاہ نے انجام دیئے ۔دوسری جانبڈپٹی کمشنر وہاڑی سید آصف حسین شاہ کی ہدایت پر سڑکوں کی کشادگی کی بحالی کے لیے میونسپل کمیٹی وہاڑی نے ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن کا آغاز کر دیا ہے چیف آفیسر بلدیہ وہاڑی علی احمد صابر کی سربراہی میں میونسپل کمیٹی کے عملہ نے خانیوال روڈ پر آپریشن کیا اور راستہ کی کشادگی میں روکاوٹ کا باعث بننے والے سامان، بجری، لکڑی، کھوکھے ،اینٹیں اور دیگر اشیاء قبضہ میں لے لیں ۔