ریلوے:ٹکٹ چیکنگ میں غفلت،یومیہ لاکھوں کا خسارہ

ریلوے:ٹکٹ چیکنگ میں غفلت،یومیہ لاکھوں کا خسارہ

ملتان(شفقت بھٹہ) ٹکٹ چیکنگ نظام میں غفلت کے سبب ریلوے کو یومیہ لاکھوں کا خسارہ،بغیر ٹکٹ سفر کے رحجان میں اضافہ ہونے لگا۔

بتایا گیا ہے کہ ٹرینوں میں اور ریلوے سٹیشنوں پر مسافروں کی ٹکٹیں چیک کرنے کا نظام عدم توجہ کا شکار ہے ، بغیر ٹکٹ سفر کرنے والے مسافربڑھنے سے محکمہ ریلوے کو روزانہ لاکھوں روپے کا ٹیکہ لگ رہا ہے ۔ ریلوے انتظامیہ کی جانب سے واضح احکامات کے باوجود ریلوے سٹیشنوں کے داخلی اور خارجی راستوں پر تعینات ٹی سی آرز کی جانب سے سفر مکمل کر کے نکلنے والے مسافروں سے کمپیوٹرائزڈ اور ای ایف ٹی ٹکٹس وصول کرنے میں غفلت کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے ۔ اس سے قبل ریلوے انتظامیہ کی جانب سے ٹی سی آرز اور متعلقہ افسروں کو مسافروں سے سٹیشنوں پر ٹکٹیں وصول کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ اس سلسلہ میں ملتان سمیت تمام ڈویژنل کمرشل افسروں کو مراسلہ جاری کیا گیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ تمام ٹی سی آرز سفر مکمل کر کے آنے والے مسافروں سے ٹکٹس وصولی کو ہر صورت ممکن بنائیں، مراسلہ میں کہا گیا تھا کہ ان ہدایات پر عمل نہ کرنے والے ملازمین کے خلاف محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ دوسری جانب ہدایات جاری ہونے کے باوجود ٹی سی آرز بدستور ٹکٹیں وصول کرنے میں غفلت کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ دوسری جانب سے ریلوے ترجمان کا کہنا ہے کہ بغیر ٹکٹ سفر کرنے والے مسافروں کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں اور اس سلسلہ میں وقتاً فوقتاً ٹرینوں پر چھاپے بھی مارے جاتے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں