عید میلادالنبیؐ:تزئین و آرائش،سکیورٹی پلان تیار

عید میلادالنبیؐ:تزئین و آرائش،سکیورٹی پلان تیار

ملتان(خبرنگارخصوصی،کرائم رپورٹر) جشن عید میلاد النبیؐ کے موقع پر ضلعی انتظامیہ نے خصوصی انتظامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔۔

جس کے تحت سرکاری عمارات اور مرکزی مقامات پر سجاوٹ و صفائی اقدامات کئے جائیں۔ جلوس و محافل سمیت روٹس پر فول پروف سکیورٹی ہوگی، اس سلسلہ میں پولیس سمیت سکیورٹی اداروں نے سکریننگ پلان تشکیل دے دیا ہے ۔حساس علاقوں اور روٹس پر سی سی ٹی وی کیمرے اور واک تھرو گیٹ بھی لگائیں گے ۔ دوسری جانب سے ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رانا رضوان قدیر نے جلوس منتظمین کے تحفظات دور کرنے کیلئے ضلعی محکموں کو ٹاسک بھی دے دیا ہے ۔ ضلع بھر کی سیکورٹی ریڈ الرٹ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ 12ربیع الاول کو ملتان گھنٹہ گھر چوک، اندرون حسین گاہی، دولت گیٹ چوک، دہلی گیٹ چوک، پاک گیٹ چوک، حرم گیٹ چوک، چوک شہیداں، شاہین مارکیٹ چوک، بوہڑ گیٹ چوک اورڈیرہ اڈہ چوک ہمہ قسم کی ٹریفک کے لیے بند رہیں گے ۔جلوس ہائے و ریلیوں میں عام ٹریفک کو داخلہ کی اجازت نہ ہوگی۔شہر کے تمام اہم پوائنٹس پر ٹریفک وارڈنز کی ڈیوٹی لگا دی گئی ہے ۔رانگ پارکنگ کے خاتمہ کے لیے فورک لفٹر بھی تعینات کر دیئے گئے ہیں۔ریجنل پولیس آفیسر کیپٹن (ر) محمد سہیل چودھری کے مطابق ڈسٹرکٹ ملتان میں 107 جلوسوں اور ریلیوں کی حفاظت کے لیے 2452 پولیس افسران ، وہاڑی میں 55 جلوسوں اور ریلیوں کی حفاظت پر 745 پولیس افسران ، خانیوال میں 33 جلوسوں اور ریلیوں کی حفاظت کے لیے 892 اور لودھراں میں24 جلوسوں اور ریلیوں کی حفاظت پر452 پولیس افسران فرائض سر انجام دیں گے ۔ ملتان ریجن ملتان ،وہاڑی خانیوال اور لودھراں میں 40 محفل میلاد کی حفاظت کے لئے 666 پولیس افسر فرائض سر انجام دیں گے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں