کارڈیالوجی ہسپتال:3ارب کی لاگت سے 208 بیڈز کا نیا بلاک تیار

ملتان(لیڈی رپورٹر)شہر اولیاء ملتان کے باسیوں کیلئے حکومت پنجاب کا ایک اور تحفہ،3 ارب روپے کی لاگت سے کارڈیالوجی ہسپتال کے توسیعی بلاک کی تکمیل کا سنگ میل عبور کر لیا گیا ۔
دو سو آٹھ بستروں پر مشتمل بلاک کارڈیالوجی انتظامیہ کے حوالے کر دیا گیا او پی ڈی پہلے سے فعال کی جا چکی ۔کمشنر ملتان ڈویژن کا دورہ عملے کو شاباش تفصیل کے مطابق ملتان سمیت جنوبی پنجاب اندرون سندھ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے بھی بعض اضلاع کے دل کے مریضوں کا بوجھ اٹھانے والے واحد ملتان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا توسیعی بلاک کئی سال گزر جانے پر مکمل کر لیا گیا ۔ اس حوالے سے کمشنر ملتان ڈویژن نے منگل کی صبح کارڈیالوجی ہسپتال توسیعی بلاک کا دورہ کیا اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ملتان رضوان قدیر،ڈائریکٹر ٹیکنیکل کارڈیالوجی ڈاکٹر فرحان، ایم ایس ڈاکٹر اقبال بھی انکے ہمراہ موجود تھے ۔کمشنر انجینئر عامر خٹک نے محکمہ بلڈنگ اور متعلقہ افسروں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ ہسپتال کی تکمیل میں سستی برتنے پر ایک کنٹریکٹر کو بلیک لسٹ کیا۔شہریوں کی سہولت کیلئے ہر ممکن اقدامات کرکے منصوبے کی تکمیل یقینی بنائی گئی۔ 33 کمرے او پی ڈی فنکشنل کرکے کارڈیالوجی ہسپتال انتظامیہ کے سپرد کی جاچکی تھی ۔208 بیڈز وارڈز کے فلورز سمیت پورا توسیعی بلاک مکمل تعمیر کیا جاچکا ہے 3 بیسمنٹ،گراؤنڈ فلور، 3 فلورز پر مشتمل بلاک کی تعمیر سے 208 بیڈز کا اضافہ ممکن ہوا ہے ان کا مزید کہنا تھا کہ کارڈیالوجی ہسپتال میں 20 کروڑ کی لاگت سے 4 منزلہ سرائے تعمیر کیا جارہا ہے ۔ 250 بیڈز پر مشتمل سرائے کا پی سی ون حکومت پنجاب نے منظور کرلیا ہے ۔19 اکتوبر کو سرائے کے ٹینڈرز اوپن کئے جائیں گے ۔