پولیو مہم میں علما ، اساتذہ کو شامل کیا جائے :عبدالرؤف مہر

 پولیو مہم میں علما ، اساتذہ کو شامل کیا جائے :عبدالرؤف مہر

لودھراں (سٹی رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر عبدالرؤف مہر نے ضلعی پولیو ایریڈکیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے۔۔

 کہ محکمہ ہیلتھ ودیگر ادارے انسداد پولیو کی قومی مہم کو کامیاب بنانے کیلئے اپنا بھر پورکردار ادا کریں تاکہ وطن عزیز سے اس مہلک وائرس کا جڑ سے خاتمہ ہو سکے ۔ انسداد پولیو مہم کے دوران علماء کرام، امام مساجد ، اساتذہ اکرام سمیت تمام مکاتب فکر کے لوگوں کو اس مہم میں شامل کیا جائے اور بھرپور تشہیری مہم چلائی جائے ۔انہوں نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ وہ انسداد پولیو مہم کے سلسلہ میں ضلعی سطح پر تشکیل دیئے جانے والے مائیکرو پلان کا ازسر نوجائزہ لے اور سابقہ مہم کی کمزوریوں کو سامنے رکھتے ہوئے اس میں مزید بہتری لائیں تاکہ مطلوبہ اہداف حاصل کئے جا سکیں۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ پولیو وائرس کے خاتمہ کیلئے تمام محکمے قومی ذمہ داری کے ساتھ فرائض کی ادائیگی کریں، غفلت اور کوتاہی کے مرتکب افسروں و اہلکاروں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر فیصل وحید نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انسداد پولیو مہم 26 فروری سے یکم مارچ تک جاری رہے گی، پولیو مہم کے دوران 3 لاکھ 85 ہزار سے زائد پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی حفاظتی ویکیسین کے قطرے پلوائے جائیں گے ۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سیدہ آمنہ مودودی ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد اسد علی ، تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز سمیت محکمہ صحت، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن، تعلیم، زراعت، سوشل ویلفیئر، بہبود آبادی سمیت دیگر تعاون کرنے والے محکموں کے افسران موجود تھے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں