مزارات،مساجد کی بحالی،ڈھائی ارب گرانٹ منظور

مزارات،مساجد  کی  بحالی،ڈھائی  ارب  گرانٹ  منظور

ملتان(خبرنگارخصوصی)تاریخ میں پہلی مرتبہ پنجاب حکومت نے تاریخی مزارات، خانقاہوں اور مساجد کی بحالی کیلئے 2ارب 50کروڑ روپے کی مستقل ڈویلپمنٹ گرانٹ کی منظوری دے دی ہے ۔

اب یہ گرانٹ سالانہ صوبائی بجٹ میں مختص ہوا کرے گی۔ اس سلسلہ میں پنجاب حکومت نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے ، جس کے تحت محکمہ اوقاف کو مالی سال 2024ء-2025ء سے صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ صوبائی بجٹ سے ریگولر سالانہ گرانٹ دی جائے گی۔ واضح رہے کہ اوقاف پنجاب صوبے کا واحد ادارہ تھا جس کو گورنمنٹ نے کبھی ریگولر بجٹ یا مستقل گرانٹ نہیں دی، جس سے پنجاب کے نمائندہ مزارات اور مساجد تعمیر و تزئین سے مسلسل محروم چلے آرہے تھے اور ان کی شکستگی بڑھ رہی تھی جبکہ ان اداروں کے سماجی اثرات از حد گہرے اور دائرہ انتہائی وسیع ہے ۔ اس سے قبل ان تاریخی مزارات، خانقاہوں اور مساجد کی بحالی اور تزئین و آرائش کا کام محکمہ اوقاف اپنی مدد آپ کے تحت کرتا رہا ہے ، واضح رہے کہ نگران وزیر اعلیٰ نے اگست 2023ء کو اس مسئلہ پر سیکرٹری اوقاف کی سفارش پر ایڈیشل چیف سیکرٹری پنجاب کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی تھی، جس میں سیکرٹری فنانس اور سیکرٹری اوقاف بھی شامل تھے ۔ اوقاف ذمہ داران کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے منظوری کے بعد دینی، روحانی اور خانقاہی حلقوں میں اطمینان پیدا ہوا ہے اور اوقاف ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ اس فیصلے سے اب محکمانہ تعمیر و ترقی اور مساجد و مزارات کی بہتری میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی۔ اوقاف ذمہ داران کے مطابق یہ فیصلہ محکمانہ تعمیر و ترقی کے لیے ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے ۔ خیال رہے کہ محکمہ اوقاف کے لئے 2 ارب 50 کروڑ روپے کی مستقل ڈویلپمنٹ گرانٹ کی منظوری صوبائی کابینہ کے 40 ویں اور نگران صوبائی کابینہ کے آخری اجلاس میں دی گئی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں