ہائی سکول دوکوٹہ کے سامنے بارشی پانی جمع ،تالاب کا منظر

 ہائی سکول دوکوٹہ کے سامنے بارشی پانی جمع ،تالاب کا منظر

دوکوٹہ (نامہ نگار)ہائی سکول دوکوٹہ کے سامنے بارش کا جمع پانی تالاب کا منظر پیش کرنے لگا،سکول آنے والے طلبہ اور پریکٹیکل دینے والے طلبا و طالبات کو پریشانی کا سامنا،اہل علاقہ کا ڈی سی وہاڑی سے نوٹس کا مطالبہ۔

تفصیل کے مطابق داتا شیریں محل سے مترو روڈ جو زیر تعمیر ہے ،سڑک کا لیول درست نہ ہونے کے باعث پہلی ہی بارش سے رحمن بک سنٹر سے لے کر امام بارگاہ تک بارش کا سارا پانی گورنمنٹ ہائی سکول دوکوٹہ اور دکانوں کے سامنے جمع ہو گیا ہے اور تالاب کا منظر پیش کررہا ہے ، میٹرک کے طلبا و طالبات کے پریکٹیکل بھی شروع ہیں ،سکول کے سامنے پانی جمع ہونے سے اساتذہ سمیت تمام طلباو طالبات کو سکول داخل ہونے میں سخت دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، صورتحال سے اساتذہ، طلبہ، دکاندار اور کوٹ ملک دوکوٹہ کی آبادی کے مکین سخت پریشان ہیں ۔اہل علاقہ نے ڈپٹی کمشنر وہاڑی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں