انسداد ڈینگی مہم، خلاف ورزی پر 8کمرشل عمارتیں سیل

انسداد ڈینگی مہم، خلاف ورزی پر 8کمرشل عمارتیں سیل

ملتان(وقائع نگار خصوصی،لیڈی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے انسداد ڈینگی مہم کے سلسلے میں کریک ڈاؤن شروع کردیا ہے ۔۔

اس سلسلے میں صفائی و لاروا تلفی کے اقدامات نہ کرنے والے دو گودام اور 8 کمرشل عمارات سربمہر کردی گئیں ۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی سیمل مشتاق نے کارروائی کرتے ہوئے جنرل بس سٹینڈ پر ڈینگی لاروا ملنے پر گودام کو سربمہر کردیا جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد سیف نے بھی 5 سے زائد کارخانوں اور دکانوں کو سیل کیا۔اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے صفائی کے ناقص انتظامات پر متعدد شاپس کو جرمانے بھی عائد کئے گئے اسسٹنٹ کمشنر سٹی سیمل مشتاق نے کہا کہ ڈینگی لاروا کی تلفی کیلئے سول سوسائٹی اور تاجر برادری کو ضلعی انتظامیہ کا ساتھ دینا ہوگا۔اردگرد کے ماحول کو خشک اور صاف ستھرا رکھ کر ڈینگی لاروا کی افزائش روکی جاسکتی ہے ۔سیمل مشتاق نے بتایا کہ فیلڈ میں محکمہ صحت کی ٹیموں کی کڑی مانیٹرننگ کی جارہی ہے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں