محکمہ اوقاف ، آمدن میں اضافے کا ہدف پورا نہ کرنے پر 8ایڈ منسٹریٹرز سے جواب طلب

محکمہ  اوقاف ، آمدن  میں  اضافے  کا  ہدف  پورا  نہ  کرنے  پر 8ایڈ منسٹریٹرز  سے  جواب  طلب

ملتان(خبرنگارخصوصی)محکمہ اوقاف نے مزارات کو کمائی کا زریعہ بنا لیا، آمدنی میں 20 فیصد اضافے کا ٹارگٹ پورا نہ ہونے پر 8 ایڈمنسٹریٹرز سے وضاحت طلب کر لی گئی، کارروائی کا فیصلہ۔

ذرائع کے مطابق ماہ مارچ میں ملتان زون کی آمدنی ہدف سے 64 فیصد کم ریکارڈ کی گئی، ڈیرہ غازی خان زون میں 38ڑفیصد، پاکپتن زون میں 22فیصد کم، بادشاہی مسجد زون میں 86فیصد کمی، داتا دربار زون میں 54فیصد کمی، راولپنڈی زون میں 32 فیصد، گوجرانوالہ زون میں 16 فیصد جبکہ لاہور ویسٹ زون میں ہدف سے 19 فیصد کم آمدنی ریکارڈ کی گئی ہے ۔ سیکرٹری اوقاف پنجاب جاوید اختر محمود نے ماہ مارچ کے دوران بجٹ اہداف سکیم آمدنی پر اوقاف کے 8ایڈ منسٹریٹر زسے تین یوم کے اندر وضاحت طلب کر لی ہے ۔ اس سلسلہ میں ایڈ منسٹریٹروں کے نام جاری مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ وضاحت تسلی بخش نہ ہونے پر حسب ضابطہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ مراسلہ میں ایڈمنسٹریٹروں سے کہا گیا ہے کہ آپ حسب پالیسی آمدن میں اضافہ کرنے میں ناکام رہے ہیں جو انتہائی تشویشناک اور قابل مواخذہ ہے ۔ مراسلہ میں ایڈمنسٹریٹروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ درباروں پر اپنی سطح پر آمدن کیش بکس میں بمطابق بجٹ ٹارگٹ (%20 اضافہ) کے حوالہ سے ہر ممکن اقدام کو یقینی بنائیں، بصورت دیگر آپکے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ خیال رہے کہ محکمہ اوقاف کی اس پالیسی کے باعث پنجاب بھر میں مزارات پر رکھے کیش بکسوں سے حاصل ہونے والی آمدنی میں 20فیصد اضافے کے لئے حاضری کے لئے آنے والے زائرین کو مجبور کیا جاتا ہے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں