عیدالاضحیٰ پر صفائی ، آلائشوں کی تلفی یقینی بنائیں گے ،عثمان علی

 عیدالاضحیٰ پر صفائی ، آلائشوں کی تلفی یقینی بنائیں گے ،عثمان علی

مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر میاں عثمان علی نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر ضلع بھر کے شہروں اور بڑے قصبہ جات میں صفائی ستھرائی اور قربانی کی آلائشوں کی تلفی کے لئے بہترین انتظامات کئے جائیں گے ۔

میونسپل کار پوریشن کا عملہ بروقت گلی محلوں اور شاہرات سے آلائشوں کو تلف کرے گا۔ یہ بات انہوں نے عیدالاضحی کے موقع پر کئے جانے والے انتظامات کے سلسلے میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔  انہوں نے ضلع کونسل اور ضلع کی میونسپل کمیٹیوں کے چیف افسران کو ہدایت کی کہ عملہ صفائی کو پابند ،صفائی کے لئے عوام میں آگاہی ، شکایات سیل قائم کیا جائے ، عید کے موقع پر عملہ صفائی کی چھٹیاں منسوخ کی جائیں، آلائشوں کو اکٹھا کرنے کیلئے گھروں میں شاپنگ بیگ تقسیم کئے جائیں ، آلائشوں کو جمع کرنے کے لئے مختلف پوائنٹس بنائے جائیں، تلفی کیلئے جگہ کا تعین کیا جائے ،بڑے قصبہ جات میں لوڈر رکشوں اور عملہ صفائی کو پابند کیا جائے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع بھر میں عید الاضحیٰ کے موقع پر 4 مویشی منڈیاں قائم کی جائیں گے جس میں 2 تحصیل مظفرگڑھ میں جبکہ ایک ایک تحصیل علی پور اور تحصیل جتوئی میں قائم کی جائے گی، اس کے علاوہ پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کی طرف سے ضلع بھر میں5 ہفتہ وار مویشی منڈیاں جاری رہیں گی۔قبل ازیں ڈپٹی کمشنر کی زیر صدار ت میونسپل سروسز کی فراہمی پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں انہوں نے میونسپل سروسز کو مزید بہتر بنانے اورعوامی شکایات کا ازالہ کرنیکی ہدایت کردی ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں