ناکارہ جھولے،صفائی کافقدان،پارک کھنڈر بن گئے

ناکارہ جھولے،صفائی کافقدان،پارک کھنڈر بن گئے

ملتان(خبرنگارخصوصی)پارکوں میں سہولیات کی کمی، ناکارہ جھولے ، صفائی کا فقدان، پودوں کی تراش خراش میں بے باقاعدگی۔

، کینٹینوں پر صحت بخش اشیاء کی عدم دستیابی جیسے مسائل نے پی ایچ اے حکام کی کارکردگی پر سوالیہ نشان اٹھا دئیے ہیں۔ مسائل کے انبار کے باعث شہری تفریح سے محروم ہو چکے ہیں اور شہریوں کی اکثریت پی ایچ اے کے زیرانتظام پارکوں کے بجائے کنٹونمنٹ بورڈ کے زیرانتظام پارکوں کا رخ کر لیا ہے ۔ ملتان شہر میں شاہ شمس پارک، قاسم پارک اور جناح پارک سمیت درجنوں چھوٹے بڑے پارک موجود ہیں جہاں سہولیات میں بتدریج کمی واقع ہو رہی ہے ۔ جناح پارک شہریوں کے لئے عملاََ بند ہے ، پارک میں گھاس سوکھ چکی ہے جبکہ پودے پانی کی کمی کے باعث مرجھا رہے ہیں۔ اسی طرح شاہ شمس پارک کے ترقیاتی منصوبے تاحال مکمل نہیں ہو سکے ہیں، جھولوں کی فٹنس پر بھی سوالیہ نشان ہے ۔ قاسم پارک میں عدم تحفظ کے باعث شہریوں نے وہاں کا رخ کرنا چھوڑ دیاہے ۔ شہر کے تمام اہم پارکوں میں واش رومز کی عدم تعمیر سے بھی مسائل کا سامنا ہے ، جن پارکوں میں واش رومز موجود ہیں وہ غیر فعال ہیں جبکہ پارکوں میں جاگنگ ٹریکس بھی اپ گریڈ نہیں ۔ شہریوں نے کمشنر ملتان اور ڈپٹی کمشنر ملتان سے اپیل کی ہے کہ پارکوں میں سہولیات کی عدم فراہمی کا نوٹس لیں۔ دریں اثنا پارکوں میں سہولیات بارے پی ایچ اے حکام کا کہنا ہے کہ عوام الناس کو پارکوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہیں، صاف پانی، واش رومز، جھولوں کے معیار میں جلد بہتری لائے جائے گی۔ جلد شہریوں کو صحت مند ماحول فراہم کیا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں