ڈائریکٹرز فیلڈ کے دوروں میں اضافہ کریں، افتخار سہو

ڈائریکٹرز فیلڈ کے دوروں میں اضافہ کریں، افتخار سہو

ملتان(وقائع نگار خصوصی)سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کی زیر صدارت کپاس کی فصل بارے ڈویژنل جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ملتان اور ڈی جی خان ڈویژنز میں کپاس کی کاشت کے سلسلہ میں جاری فیلڈ سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ ڈویژنل ڈائریکٹر اپنے اور سٹاف کے فیلڈ کے دوروں میں مزید اضافہ کریں اور کاشتکاروں کی فنی رہنمائی کے سلسلہ میں جاری فیلڈ سرگرمیوں میں مزید تیزی لائیں۔اس مہم میں غفلت اور کوتاہی برتنے والے افسر و عملہ کیخلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ چند دنوں میں کسان سہولت سنٹرز قائم کردئیے جائیں گے جن کیلئے مناسب جگہوں کا انتخاب کیا جائے ۔سہولت سنٹرز پر کاشتکاروں کو معیاری زہروں سمیت سپرے مشینری کی مقررکردہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنائی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ کپاس کی فصل کے اعدادوشمار درست رپورٹ کئے جائیں۔کپاس کی کاشت کا ہدف حاصل نہ کرنے والے افسروں کا احتساب کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ کاشتکاروں کی رہنمائی کیلئے جاری سرگرمیاں صبح سے شام تک موبائل ایپلی کیشن کے استعمال سے پیش کی جائیں۔ سیکرٹری زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ کپاس ایک چیلنجنگ فصل ہے ۔گزشتہ سال محکمہ زراعت،ضلعی انتظامیہ اور محکمہ انہار کی کارکردگی اور مضبوط روابط سے کپاس کی کاشت وپیداوار کے حوصلہ افزا نتائج برآمد ہوئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں