حکومت کاشتکاروں کی خوشحالی کیلئے پرعزم، افتخار سہو

حکومت کاشتکاروں کی خوشحالی کیلئے پرعزم، افتخار سہو

ملتان(وقائع نگار خصوصی) سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے ملتان میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت زرعی ترقی اور کاشتکاروں کی خوشحالی کے لیے پرعزم ہے ۔150 ارب روپے کی خطیر رقم سے وزیر اعلیٰ پنجاب کسان کارڈ کا اجرا ء کیا جا رہا ہے۔

 جس کے تحت صوبہ پنجاب میں 5 لاکھ کسانوں کو بلا سود آسان زرعی قرضہ جات فراہم کئے جائیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب تک ڈیڑھ لاکھ کاشتکار کسان کارڈ کے لیے رجسٹریشن کروا چکے ہیں۔ سیکرٹری زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے کسان دوست ویژن کے تحت 300ارب روپے کی خطیر رقم سے صوبہ کے کاشتکاروں کیلئے پاکستان کی تاریخ کا پہلا بڑا کسان پیکیج متعارف کرایاگیا ہے ۔جبکہ صوبہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار ترقیاتی بجٹ مالی سال 25-2024 میں شعبہ زراعت کے لئے 64 ارب 60 کروڑ روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مالی سال 25-2024 کا بجٹ رواں مالی سال کی نسبت تقریباً 250 فیصد زیادہ ہے ۔30ارب روپے کی لاگت سے گرین ٹریکٹرسکیم متعارف کرائی جا رہی ہے جس کے تحت کسانوں کو ہزاروں کی تعداد میں سبسڈی پر ٹریکٹرز فراہم کئے جائیں گے جس سے صوبہ میں زرعی میکنائزیشن کو فروغ حاصل ہوگا۔ صوبہ پنجاب میں 7ہزار زرعی ٹیوب ویلز کو سولر پر منتقل کرنے کیلئے 9ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں