بیت المال،امداد کی سینکڑوں درخواستیں التواء کا شکار

بیت المال،امداد کی سینکڑوں درخواستیں التواء کا شکار

ملتان(خبرنگارخصوصی)پاکستان بیت المال جنوبی پنجاب کی ہٹ دھرمی کے باعث مہلک بیماریوں کا شکار ہزاروں مریض علاج سے محروم ہیں، علاج پر لاکھوں روپے کے اخراجات آنے کے باعث پاکستان بیت المال میں درخواستیں جمع کرانے والے مستحق مریضوں کی فائلیں افسروں کی من مانیوں کے باعث دب گئی ہیں۔

 اخراجات نہ ہونے کے باعث کینسر اور دیگر مہلک بیماریوں میں مبتلا ہزاروں مریض علاج سے محروم ہو گئے ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ ہزاروں مریضوں کی درخواستیں ریجنل آفس میں پھنسی ہوئی ہیں جن پر افسر کوئی کارروائی نہیں ہونے دے رہے جس کی وجہ مستحق مریض دفاتر کے چکر لگانے پر مجبور ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فنڈز کی قلت کی وجہ سے بیت المال کا انتظام و انصرام چلانا مشکل ہو چکا ہے اور بے شمار مستحقین فوری معاونت سے محروم ہو رہے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق فراہم کردہ فنڈزمیں ملازمین کی تنخواہوں اور دیگر اخراجات کی مد میں تین ارب روپے سے زائد خرچ ہو جاتے ہیں جبکہ مستحق مریضوں کی جو درخواستیں پراسس کی جاتی ہیں ان میں سے بیشتر کو پراسس کرانے کے لئے افسروں کی خوشنودی حاصل کرنا پڑتی ہے ۔ ذرائع کے مطابق قوت سماعت سے محروم مریضوں کے امپلانٹ کے بھی 2300 کیسز زیر التوا ء ہیں جبکہ کینسر اور دیگر امراض کے مریض الگ ہیں۔ عوامی حلقوں نے اپیل کی ہے کہ پاکستان بیت المال رکی ہوئی فائلوں کو پراسس کرے تاکہ مریض اپنا علاج شروع کرا سکیں۔ دوسری جانب پاکستان بیت المال کی ذمہ داران کا کہنا ہے کہ مستحق مریضوں کے علاج کے لئے معاونت فراہم کی جاتی ہے تاہم جو درخواستیں اہلیت پر پورا نہیں اترتیں انہیں روک دیا جاتا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں